دہشت گرد پلوں اور ریلوے ٹریک کو اُڑانا چاہتے تھے: دہلی پولیس

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-09-2021
 دہشت گرد پلوں اور ریلوے ٹریک کو اُڑانا چاہتے تھے: دہلی پولیس
دہشت گرد پلوں اور ریلوے ٹریک کو اُڑانا چاہتے تھے: دہلی پولیس

 

 

دہلی : دہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہےکہ دو دہشت گرد ذیشان اور اسامہ نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ ملک کے پلوں اور ریلوے ٹریک اور مختلف بڑے جلسوں کو اُڑانا چاہتے تھے۔

 دہلی پولیس نے کہا کہ ان دونوں کی تربیت پاکستان کے تھٹٹا نامی مقام پرہوئی تھی۔

پاکستان جانے کے باوجود ان کے پاسپورٹ پر مہر نہیں لگائی گئی تھی۔ وہ سمندری راستے سے گوادر بندرگاہ سے پاکستان گئے تھے۔

انہوں نے عمان سے پاکستان جاتے ہوئے ایک موٹر بوٹ کا بھی استعمال کیا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہ منصوبہ 1993 کے ممبئی کے سلسلہ وار دھماکوں جیسا تھا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سلیپر سیل کا کردار بھی منظر عام پر آگیا ہے۔

دہشت گردوں سے 1.5 کلو آر ڈی ایکس برآمد کیا گیا ہے۔

اسپیشل سیل کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی انٹر سروسز انٹلی جنس کے ذریعے گوادر بندرگاہ کے قریب گونی نامی قصبے میں گرفتار دہشت گردوں کے ساتھ 15 بنگالی بولنے والے افراد کو بھی تربیت دی گئی تھی۔

پولیس کو شبہ ہے کہ وہ مغربی بنگال کے رہنے والے ہیں۔

مہاراشٹر اے ٹی ایس کی ٹیم خصوصی سیل کے افسران سے ملنے کے لیے دہلی میں ہے۔ مشتبہ افراد سے مشترکہ پوچھ گچھ کا امکان ہے۔

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے منگل کے روز پاکستان کے تربیت یافتہ افراد دہشت گرد ماڈیول کا پردہ فاش کیا۔

گذشتہ 14 ستمبر 2021 کو دو پاکستانی تربیت یافتہ دہشت گردوں سمیت چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ اور دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔