سی بی آئی میں عارضی ڈائریکٹر کی تقرری : مرکز کو نوٹس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-03-2021
مرکزی تفتیشی بیورو
مرکزی تفتیشی بیورو

 

 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی ) کے ڈائریکٹر کے عہدے پر عارضی تقرری سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس ایس رویندر بھٹ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے غیر سرکاری تنظیم 'کامن کاز' کی طرف سے دائر کی جانے والی مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔

عدالت نے مرکز کو نوٹس کا جواب دینے کے لئے دو ہفتے کی مہلت دی ہے۔ درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے پروین سنہا کی عبوری ڈائریکٹر کی حیثیت سے سی بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر تقرری کی مخالفت کی۔ مسٹر رشی کمار شکلا کے 2 فروری کو ڈائریکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد مسٹر پروین سنہا کی عبوری تقرری کی گئی تھی۔

مسٹر پرشانت بھوشن نے دلیل دی کہ سی بی آئی کے عارضی ڈائریکٹر کے عہدے پر تقرری کا کوئی التزام نہیں ہے۔ مستقل ڈائریکٹر کے نا ہونے سے تحقیقاتی ایجنسی کا کام کاج متاثر ہوتاہے۔ مسٹر پرشانت بھوشن نے کہا کہ معاملہ بہت سنجیدہ ہے اور جلد ہی اس پر سماعت کی جانی چاہئے۔

تاہم، عدالت نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے کی سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کردی ہے۔