آواز دی وائس‘ کا اثر : ہندوستانی فوج نے لگا لیا سابق فوجی’ شیخ عبدالکریم’ کو گلے’

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2021
شیخ عبدالکریم
شیخ عبدالکریم

 

 

آواز دی وائس‘ کی خبر کا ہوا اثر

ہندوستانی فوج نے دکھائی اعلی ظرفی

     دل برداشتہ فوجی کو دیا سہارا

جنگ بنگلہ دیش کے ہیرو کو کیا سیلوٹ

شیخ محمد یونس / حیدرآباد 

ہند۔پاک جنگ 1971کے ہیرو فوجی شیخ عبدالکریم کی پریشان کن اورخستہ حال زندگی کے بارے میں کل ’’آواز دی وائس‘ میں ایک بڑی خبر چلی تھی۔جس کے بعد عبدالکریم ملک بھر میں توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔اس کا اثر یہ ہوا کہ اب ہندوستانی فوج نے اپنے اس بہادر سپاہی کو نہ صرف سہارا دینے دیا ہے بلکہ ان کی زبردست عزت افزائی کی ہے جس نے ایک شکستہ دل سابق فوجی کی آنکھوں کو نم کردیا ہے۔ فوج کی جانب سے مدعو کئے جانے اور مخصوص انداز  میں آو بھگت کرنے پر انہوں نے خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور سب سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے ان کی بات ارباب مجاز تک پہنچانے پر صحافتی اداروں کا شکریہ ادا کیا اور خصوصیت کے ساتھ نمائندہ ''آواز دی وائس'' کو دعائیں دیں۔

خبر جس نے کردیا اثر

آواز دی وائس‘ نے کل اس خبر سے آپ کو آگاہ کیا تھا۔ آج شیخ عبدالکریم کوآرمی کے ’سب ایراسکندرا آباد ‘میں بلایا گیا تھا ۔جہاں انہیں ایک شاندار استقبالیہ دیا گیا۔ساتھ ہی انہیں ہند۔پاک جنگ 1971کی گولڈن جبلی تقریبات کے سلسلے میں دسمبر میں ہونے والے پروگرام میں ’مہمان خصوصی‘ بنانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 1971کے جنگ کے ہیرو شیخ عبدالکریم معاشی مسائل کا شکار ہیں اور آٹو چلانے پر مجبور ہیں۔اس سلسلہ میں مختلف صحافتی گوشوں بالخصوص ''آواز دی وائس'' کی جانب سے مفصل کہانی کی اشاعت عمل میں لائی گئی تھی۔

فوج نے لگا لیا گلے

شیخ عبدالکریم کو آج دوبارہ سب ایریا سکندرآباد آندھرا و تلنگانہ پر مدعو کیا گیا۔جہاں کمانڈنٹ نے ان سے ملاقات کی۔ بعدازاں شیخ عبدالکریم کو ان کی سابقہ ریجمنٹ کے یونٹ لایا گیا جہاں پر ان کے ساتھ وی آئی پی جیسا برتائو کیا گیا۔تمام صوبہ داروں اور آفیسرس سے شیخ عبدالکریم کو ملایا گیا۔

استقبالیہ،لنچ اورتقریر

مختلف پروگرامس بھی منعقد کئے گئے۔جس میں فوجی شیخ عبدالکریم نے چیف گیسٹ کے طورپر شرکت کی۔سابق فوجی کے اعزاز میں دوپہر کے کھانے کا بھی نظم کیا گیا۔شیخ عبدالکریم کو مختلف مقامات کا معائنہ کروایا گیا۔اس موقع پر تمام جونیر اور سینئر آفیسرس بھی موجود تھے۔ فوج کے ٹکنیکل اسسٹنٹس کے اجتماع سے شیخ عبدالکریم نے خطاب بھی کیا اور اپنے تجربہ کے علاوہ تاثرات بیان کئے۔جگہ جگہ استقبال کے علاوہ فوج کے سینئر ' جونیر آفیسرس اور فوجیوں نے ان کے ساتھ کم از کم 200 فوٹوز لئے۔

فوج نے جانا دل کا حال

فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے شیخ عبدالکریم کے حالات کے تعلق سے تفصیلی معلومات حاصل کیں اور انہیں مراعات کی فراہمی کیلئے ممکنہ اقدامات کا یقین دلایا۔شیخ عبدالکریم کی اراضی کے مسئلہ کے علاوہ مکان اور وظیفہ کی فراہمی کے لئے خاص طور پردہلی کے اعلیٰ حکام سے نمائندگی کا یقین دیا گیا۔ شیخ عبدالکریم نے فوج کی جانب سے والہانہ استقبال پر اظہار تشکر کیا۔

ہند۔پاک جنگ 1971کے اسٹار میڈل یافتہ فوجی شیخ عبدالکریم کی خوشی کا اس وقت کوئی ٹھکانہ نہیں رہا جب انہیں بتایا گیا کہ د سمبر میں ہند۔پاک جنگ 1971کی گولڈن جوبلی تقریب میں انہیں مدعو کیا جائے گا۔ فوج کے اعلیٰ حکام نے شیخ عبدالکریم کی نمائندگی کی بغور سماعت کی اور اس سلسلہ میں ہر ممکنہ اقدامات کا یقین دلایا۔شیخ عبدالکریم ایک فوجی کے ساتھ ساتھ عزم و حوصلہ کی بہترین مثال ہیں ان کی عمر 71برس ہے۔معاشی مجبوریات کے باعث وہ آٹو چلارہے ہیں۔

awawer

 

اور بھی پڑھیں:  شیخ عبدالکریم - آٹو چلا رہا ہے 1971 کی جنگ کا ہیرو