اے ایم یو : پودوں میں نئی پروٹین کی دریافت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-09-2021
اے ایم یو ایک اور کارنامہ
اے ایم یو ایک اور کارنامہ

 

 

علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایک فیکلٹی ممبر نے جرمنی کے کچھ دیگر محققین کے ساتھ مل کر پودوں میں پائی جانے والی ایک نئی پروٹین کی دریافت کی ہے جس سے پودوں میں سالٹ اسٹریس کو برداشت کرنے کی صلاحیت بہتر ہوسکے گی اور زیادہ نمک والی زمینوں میں کاشت ہوسکے گی۔

ڈاکٹر طارق آفتاب (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ نباتیات، اے ایم یو) نے جرمنی کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک نئے پروٹین کی شناخت کی اور اسے  ایچ وی ایچ او آر سی ایچ کا نام دیا ہے،جو جَو کے پودوں میں نمک کے تناؤ کو برداشت کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ تحقیق’لِبنِز انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ جینیٹکس اینڈ کراپ پلانٹ ریسرچ‘، گیٹرس لیبن، جرمنی میں ہوئی جب وہاں ڈاکٹر آفتاب نے بطور وزیٹنگ سائنسداں خدمات انجام دیں۔

کئی برسوں کی مزید تحقیق اور کئی دفعہ کے ٹرائل کے بعد یہ رپورٹ انٹرنیشنل جرنل آف مالیکیولر سائنسز میں شائع ہوئی ہے۔ ڈاکٹر آفتاب نے کہا کہ اس پروٹین کی شناخت، تناؤ برداشت کرنے والے فصلی پودوں کی نشو و نماکی راہیں ہموار کرے گی۔

انھوں نے کہا: ”عالمی موسمیاتی تبدیلی سے صورت حال مزید ابتر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے ساتھ طویل اور شدید خشک سالی کے وقفے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خشک سالی سے نپٹنے کے لئے کی جانے والی زیادہ آبپاشی سے زمین میں نمک بڑھتا ہے اور نتیجہ کے طور پر پیداوار گھٹ جاتی ہے اور پھر فصلی پیداوار ناممکن ہوجاتی ہے۔

اس لئے عالمی سطح پر پائیدار غذا فراہمی کے لئے لازمی ہے کہ فصلی پودوں میں نمک کو برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا کی جائے تاکہ زمین قابل کاشت بنی رہے اور بہتر فصلی پیداوار ممکن ہو“۔