اجمیر: زائر ین کے لیے جمعیۃ علماء ہند نے لگایا میڈیکل کیمپ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-02-2022
اجمیر:  زائر ین کے لیے جمعیۃ علماء ہند نے لگایا میڈیکل کیمپ
اجمیر: زائر ین کے لیے جمعیۃ علماء ہند نے لگایا میڈیکل کیمپ

 


آواز دی وائس، اجمیر 

آج یہاں خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کے  زیر اہتمام میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا جو آ810 واں عرس کے دوران زائرین کے لیے مفت طبی خدمت پیش کرے گا۔

اس کے ساتھ ہی جمعیۃ علماء ہندجو سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ؒکے مسلکِ خدمتِ خلق کی علم بردار تنظیم ہے، اس کے کارکنان نے کائیڈ وشرام استھلی میں آج سے طبی سرگرمی شروع کردی۔یہ جمعیۃ علماء ہند کی قدیم روایت رہی ہے کہ وہ عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کی طبی خدمت کرتی ہے۔

خیال رہے کہ سنہ 2016ء میں اجمیرشریف میں جمعیۃ علماء ہند کا33/واں اجلاس عام ہو ا تھا، اس کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے موجودہ صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی سرپرستی میں اس سلسلے کو دوبارہ شروع کیا گیا جو گزشتہ سات سالوں سے دونوں عرس کے موقع پر لگاتار کام کررہا ہے۔

کیمپ کی افتتاحی تقریب آج اجمیر شریف میں منعقد ہوئی،جس کی صدارت جناب عبدالواحد صاحب انگارا سکریٹری انجمن سید زادگان درگاہ شریف نے کی، اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی شریک ہوئے۔اس کیمپ کا افتتاح عادل (نائب ناظم درگاہ شریف) نے کیا،  محمد شاداب زید ، ناظم درگاہ اجمیر شریف نے اس کیمپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر مفتی سلیم ساکرس جنرل سیکریٹری جمعیت علماء میوات،مفتی سلیم بنارسی صدر جمعیۃ علما گڑگاؤں،گوری بھائی درگاہ شریف،  مصور  درگاہ اجمیر شریف، مولانا علیم الدین، حافظ بشیر احمد، مولانا ابوالحسن پالن پوری(آرگنائزرس جمعیۃ علماء ہند)،مولانا نعیم جامعہ معین الدین چشتی،مولانا زبیر ناظم مدرسہ رحمانیہ اجمیر،حافظ عبد الوحید،مولانا غیاث الدین، ناظم مدرسہ فاطمہ للبنات کشن گڑھ،مولانا ایوب مہتمم مدرسہ اونٹڑا،مولانا عبدالخالق خانپور،یوسف بھائی گیرج والے،ڈاکٹر اسرار احمد، ڈاکٹر ندیم، ڈاکٹر عنادل بھی خاص طور سے شریک تھے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سید واحد حسین چشتی انگارانے جمعیۃ علماء ہند کی ہمہ گیر خدمات کا اعتراف کیا اور میڈیکل کیمپ کے لیے صدر جمعیۃ علماء ہند اور مولانا محمود مدنی کی ستائش کی، انھوں نے کہا کہ 2016میں مولانا محمود مدنی  یہاں آئے تھے، انھوں نے کہا کہ ہم محبت حاصل کرنے آئے ہیں، یہ مولانا مدنی کی خصوصیت رہی ہے کہ وہ ہمیشہ اتحاد ملت کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

awazthevoice

زائرین کے لیے میڈیکل کیمپ

مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمت خلق ہمیشہ جمعیۃ علماء ہند کا مشن رہا ہے، یہ وہی راہ عمل ہے جس کی تبلیغ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ نے کی تھی، جمعیۃ علماء ہند اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس بار جمعیۃ علماء میوات کی ٹیم بالخصوص مفتی محمد سلیم ساکرس ناظم جمعیۃ علماء میوات اور مفتی سلیم بنارسی صدر جمعیۃ علماء گڑگاؤں، اس میڈیکل کیمپ کی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔ان کے ساتھ ایمبولینس، طبی عملے اور دیگر رضا کار ہمہ وقت تیار رہیں گے۔

awazthevoice

زائرین کے لیے میڈیکل کیمپ

مولانا علیم الدین اجمیری نے اپنے خطاب میں حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ سابق صدر جمعیۃ علماء ہند کے ذریعہ اس علاقہ میں ارتداد کے خاتمے کو لے کر کی گئی جد وجہد و قربانیوں کا تذکرہ کیا۔مولانا ابوالحسن پالن پوری نے گزشتہ کیمپوں کی کارکردگی پیش کی۔مولانا مفتی سلیم بنارسی نے اپنے خطاب میں اس طبی کیمپ کو اعلی خدمت سے تعبیر کیا۔آج کی تقریب کا آغازحافظ وقاری بشیر احمد آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند کی تلاوت سے ہوا، جب کہ نظامت کے فرائض مفتی سلیم ساکرس نے انجام دیے۔