حیدرآباد: مقبرہ سیدانی ماں کی مرمت کرے گا آغا خاں ٹرسٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-12-2022
حیدرآباد: مقبرہ سیدانی ماں کی مرمت کرے گا  آغا خاں ٹرسٹ
حیدرآباد: مقبرہ سیدانی ماں کی مرمت کرے گا آغا خاں ٹرسٹ

 

 

حیدرآباد: حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) کی جانب سے حسین ساگر کے قریب واقع مقبرہ سیدانی ماں کی مرمت و تزئین نو اور بحالی آغا خاں ٹرسٹ کے ذریعہ کی جائے گی۔ تلنگانہ حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ بات کہی۔

یہ مقبرہ ریاست کی ایک محفوظ خوبصورت یادگار عمارت ہے ۔ اروند کمار اسپیشل چیف سکریٹری شہری ترقی نے اس مقبرہ کے متولی ، زونل کمشنر سکندرآباد اور اسٹیٹ ہیرٹیج ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ہمراہ اس مقبرہ کا دورہ کیا ۔

بتا دیں کہ سیدانی ماں کے اس مقبرہ کو 1880 میں ان کے فرزند سردار عبدالحق دلیر جنگ نے تعمیر کروایا تھا جو سابق ریاست حیدرآباد میں ہوم سکریٹری تھے اور انہوں نے ڈائرکٹر نظام اسٹیٹ ریلویز کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی تھیں ۔ 

ٹینک بینڈ کے شمالی حصہ میں واقع یہ مقبرہ اب خستہ حال ہوچکا ہے۔ اور اس کی زمین کے ایک حصہ پر ناجائز قبضے بھی ہوئے ہیں ۔

ہیرٹیج جہدکار اس مقبرہ کے تحفظ کا مطالبہ کررہے ہیں جس میں ایک ہشت پہلو کرسی پر پیاز کی شکل کا ایک گنبد ہے۔اس کے اوپری حصہ میں موجود کمان سے قطب شاہی طرز تعمیر کی عکاسی ہوتی ہےجب کہ گراونڈ فلور کی کمانیں مغل طرز تعمیر کی ہیں۔

واضح ہو کہ گنبد قطب شاہی کے باہر حیدرآباد میں آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر کی جانب سے مرمت اور بحال کی جانے والی یہ مقبرہ پہلی ہیرٹیج عمارت ہوگی۔

 اس نے 106 ایکڑس پر پھیلے ہوئے گورستان شاہی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے پراجکٹ کو تقریبا مکمل کیا ہے ۔ مقبرہ سیدانی ماں ، ہیرٹیج عمارتوں کی فہرست میں شامل کی جانے والی نئی یادگار عمارت ہے جسے حکومت تلنگانہ کی جانب سے بحال کیا جارہا ہے ۔

 عہدیداروں نے حال میں اعلان کیا کہ سردار محل ، میر عالم منڈی ، محبوب چوک مارکٹ ( مرغی چوک ) کو مرمت سے پہلے جیسا بنایا جائے گا ۔