اقوام متحدہ کے اعلی سطحی مذاکرات سے خطاب کیا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-06-2021
نریندر مودی
نریندر مودی

 

 

نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پچھلے دس برسوں کے دوران بھارت میں جنگلات کے رقبے میں 30 لاکھ ہیکٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ملک میں جنگلات کا مجموعی رقبہ کُل آراضی کا تقریباً ایک چوتھائی ہو گیا ہے۔ وزیراعظم زمین کے بنجر ہونے، زرخیزی میں کمی اور خشک سالی پر اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی مذاکرات سے ورچوول طور پر خطاب کر رہے تھے۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت 2030 تک 2 کروڑ 60 لاکھ ہیکٹر زمین کی زرخیزی کو بحال کرنے کے لئے بھی کام کر رہا ہے۔ اِس سے کاربن کے اخراج میں مزید ڈھائی سے تین ارب ٹَن کی کمی کے حصول کے لئے بھارت کے عہد کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

 جناب مودی نے زمین کی زرخیزی میں کمی کے معاملے سے نمٹنے کے لئے بھارت کے ذریعے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی فورموں میں زمین کی زرخیزی کے معاملے کو اُجاگر کرنے میں پہل کی ہے۔

وزیراعظم نے گھریلو تکنیک کو فروغ دیتے ہوئے زمین کی بحالی کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے گجرات کے رَن آف کَچھ میں علاقے کی مثال دی کہ کس طرح زمین کی بحالی کا سلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ زمین تمام جانداروں اور اُن کی غذا کے لئے بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے اِس بات کو اُجاگر کیا کہ آج دنیا میں دو تہائی سے زیادہ زمین کی زرخیزی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اِس پر قابو نہیں پایا گیا، تو اِس سے معاشروں، معیشتوں، خوراک کی سکیورٹی، صحت، تحفظ اور معیار زندگی کی پوری بنیاد ہی بُری طرح متاثر ہوگی۔ جنوب-جنوب تعاون کے جذبے سے بھارت زمین کی بحالی کےلئے حکمت عملی مرتب کرنے میں دیگر ترقی پذیر ملکوں کی مدد کر رہا ہے۔