ترقی کو رفتار دے رہا ہے اڈانی گروپ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-05-2025
ترقی کو رفتار دے رہا ہے اڈانی گروپ
ترقی کو رفتار دے رہا ہے اڈانی گروپ

 



ترواننت پورم/ آواز دی وائس
 کیرالہ میں وزیراعظم نریندر مودی نے ایک شاندار تقریب میں ویزھنجھم بندرگاہ کا افتتاح کیا۔ اس بندرگاہ کی تعمیر اڈانی گروپ نے تقریباً 8900 کروڑ روپے کی لاگت سے کی ہے۔ یہ بندرگاہ ہندوستان کی پہلی گہری پانی والی بندرگاہ ہے۔
دوسری طرف اتر پردیش کے شاہجہان پور میں گنگا ایکسپریس وے پر بنائی گئی ہوائی پٹی پر فضائیہ کے لڑاکا طیاروں، مال بردار جہازوں اور ہیلی کاپٹروں نے پرواز کی۔ 594 کلومیٹر طویل گنگا ایکسپریس وے میں سے 464 کلومیٹر کا حصہ اڈانی گروپ تعمیر کر رہا ہے۔ اسی ایکسپریس وے پر شاہجہان پور میں ساڑھے تین کلومیٹر کی ہوائی پٹی بنائی گئی ہے۔
ہندوستان کی پہلی گہری پانی والی بندرگاہ
وزیراعظم نریندر مودی نے کیرالہ میں ویزھنجھم بندرگاہ کا افتتاح کیا۔ یہ ملک کی پہلی ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ ہے۔ کیرالہ کے ضلع ترواننت پورم میں قائم یہ بندرگاہ ہندوستان کی سب سے بڑی گہری پانی والی بندرگاہ ہے۔ اس کی تعمیر پر 8867 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اس بندرگاہ کو پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہندوستان کی سب سے بڑی بندرگاہ ڈیولپر کمپنی، اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون لمیٹڈ  نے تعمیر کیا ہے۔
یہ بندرگاہ بین الاقوامی تجارت اور شپنگ میں ہندوستان کے کردار کو تبدیل کرنے کی امید رکھتی ہے۔ یہ مصروف ترین بین الاقوامی شپنگ روٹ سے صرف 10 سمندری میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں قدرتی طور پر گہرا پانی موجود ہے، جو اسے بڑے مال بردار جہازوں کے لیے موزوں بناتا ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا ماحول دوست کنٹینر جہاز یہاں پہنچا
پچھلے ماہ کے پہلے ہفتے میں دنیا کا سب سے بڑا ماحول دوست کنٹینر جہاز ایم ایس سی ترکیے ویزھنجھم بندرگاہ پر پہنچا تھا، جہاں اس کا زبردست استقبال کیا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب اتنا بڑا جہاز جنوبی ایشیا کی کسی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوا۔
ویزھنجھم بندرگاہ کی صلاحیت
ویزھنجھم بندرگاہ کا ٹرائل رن جولائی 2024 میں شروع ہوا تھا۔ اسے 4 دسمبر 2024 کو کمرشل کمیشننگ سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ تب سے اب تک یہاں 285 جہاز آ چکے ہیں اور 5.93 لاکھ ٹی ای یو  کنٹینر کا آپریشن ہو چکا ہے۔ ایم ایس سی جیسے بڑے جہاز، جو دبئی اور کولمبو نہیں جاتے تھے، وہ بھی یہاں پہنچ چکے ہیں۔ اس بندرگاہ کی سالانہ صلاحیت 30 لاکھ ٹی ای یو ہے۔
ویزھنجھم بندرگاہ مشرق-مغرب شپنگ ایکسس کے بالکل قریب واقع ہے، جس سے یورپ اور خلیجی ممالک کے شپنگ روٹس سے بہتر کنیکٹیوٹی ملے گی۔ یہاں قدرتی پانی کی گہرائی 18 سے 20 میٹر ہے۔ یہ ہر موسم میں کام کرنے والی بندرگاہ ہے اور بڑے جہازوں کو سہولت دیتی ہے۔ اس کے شروع ہونے سے ٹرانس شپمنٹ جہازوں اور نیویگیشن کی لاگت میں بڑی بچت ہوگی، اور سمندری ٹرانسپورٹ بڑھنے سے عوام کے لیے اشیاء کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔
گنگا ایکسپریس وے پر لڑاکا طیاروں کا مظاہرہ
ملک کی ترقی میں اڈانی گروپ کی شراکت جمعہ کو اتر پردیش کے شاہجہان پور میں نظر آئی، جہاں گنگا ایکسپریس وے پر بنائی گئی ہوائی پٹی پر ایئر شو کا انعقاد ہوا۔ اس دوران ہندوستان ی فضائیہ کے رافیل، میراج اور جگوار جیسے لڑاکا طیاروں کے ساتھ سی -130جے سپر ہرکیولیس اور ایم آئی 17 وی5 ہیلی کاپٹرز نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
ملک کی پہلی نائٹ لینڈنگ ہوائی پٹی
شاہجہان پور میں بنائی گئی یہ ہوائی پٹی ملک کی پہلی نائٹ لینڈنگ ہوائی پٹی ہے، جہاں دن اور رات دونوں وقت لڑاکا طیارے پرواز کر سکیں گے۔ یہاں جنگی مشقیں بھی کی جا سکیں گی۔ اس پٹی کو بنانے کا مقصد ہنگامی حالات میں متبادل رن وے کے طور پر استعمال کرنا ہے۔