نوپورشرما کی حمایت کا الزام، سعد انصاری کی16 دن بعد جیل سے رہائی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2022
نوپورشرما کی حمایت کا الزام، سعد انصاری کی16 دن بعد جیل سے رہائی
نوپورشرما کی حمایت کا الزام، سعد انصاری کی16 دن بعد جیل سے رہائی

 

 

ممبئی: پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کرنے والی بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی حمایت کرنے والےایک نوجوان کو جیل کی ہوا کھانی پڑی۔اسے 16 دن بعد جیل سے رہائی ملی۔

بتادیں کہ ممبئی سے متصل بھیونڈی کے رہنے والے سعد اشفاق انصاری نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں نوپور شرما کو بہادر بتایا تھا۔ لوگوں کے احتجاج کے بعد پولس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ سعد انصاری کو 27 جون کو ضمانت ملی تھی۔

معلوم ہوا ہے کہ سعد انصاری نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں نوپور شرما کو ایک بہادر لڑکی قرار دیا تھا۔ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد سعد کے گھر کے باہر لوگ جمع ہوگئے۔ لوگ سعد پر غصے کا اظہار کر رہے تھے۔ ساتھ ہی معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے سعد انصاری کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیا تھا۔

سعد مینجمنٹ اسٹڈیز کا طالب علم ہے، اس کا تعلق بھیونڈی کے قیصر باغ سے ہے۔ سعد مقامی لوگوں کی شکایت کے بعد 18 جون تک پولیس کی تحویل میں تھا اور بعد میں اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔

سعد نے قبل ازیں 20 جون کو ضمانت کی درخواست دائر کی تھی لیکن اسے بھیونڈی کے جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے بعد سعد نے تھانے سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی اور 27 جون کو اسے ضمانت مل گئی۔

اسی وقت یکم جولائی کو سپریم کورٹ نے نوپور شرما کی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے اسے سخت سرزنش کی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوپور شرما کے بیان سے ملک بھر کے لوگوں کے جذبات مشتعل ہوئے ہیں۔

آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لئےذمہ دار وہ ہے۔ سپریم کورٹ نے سخت لہجے میں کہا کہ ان لوگوں میں دوسرے مذاہب کا احترام نہیں ہے۔

آپ کو بتا دیں کہ سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد اپوزیشن پارٹیاں حکومت پر حملہ آور ہیں۔

کانگریس نے الزام لگایا کہ ’’اقتدار میں موجود پارٹی کو اپنا سر شرم سے جھکا لینا چاہئے‘‘۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا، "ملک میں ایسا ماحول برسراقتدار حکومت نے بنایا ہے۔ یہ ایک شخص (نوپور شرما) کے تبصرے سے نہیں بنایا گیا۔ اس کے لیے وزیر اعظم، وزیر داخلہ، بی جے پی اور آر ایس ایس ذمہ دار ہیں۔