اے ایم یو: ڈاکٹروں نے انجام دی کی ہول وزن تخفیف سرجری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2024
اے ایم یو:  ڈاکٹروں نے  انجام دی کی ہول وزن تخفیف سرجری
اے ایم یو: ڈاکٹروں نے انجام دی کی ہول وزن تخفیف سرجری

 

 علی گڑھ، 18 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جے این میڈیکل کالج کے سرجنوں نے ادارے میں پہلی لیپروسکوپک بیریاٹرک سرجری کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا ہے۔ اس سرجری میں بہت زیادہ موٹے مریضوں کے وزن کو کم کیا جاتاہے، جسے ڈاکٹر واصف محمد علی کی قیادت میں اور پروفیسر سید امجد علی رضوی کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا۔

  یہ سرجری ایک 32 سالہ خاتون مریضہ پر کی گئی جس کا وزن 112 کلوگرام تھااور وہ وزن سے متعلق صحت کے مختلف مسائل بشمول جوڑوں کا درد، بے قابو ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر سے دوچار تھی۔ بیریاٹرک سرجری سے مریضہ کو نئی زندگی ملی۔ اس سرجری کی لاگت کارپوریٹ ہیلتھ کیئر سینٹر میں پانچ لاکھ روپے ہوتی، جب کہ جے این ایم سی میں اس پورے طریقہ کار پر کافی کم رقم خرچ ہوئی۔

             لیپروسکوپک سلیو گیسٹریکٹومی کے نام سے معروف اس سرجری میں پیٹ سے ایک بڑے حصے کو ہٹایا گیا۔ اس سے مریض کی کھانے کی خواہش میں کمی آئی۔ سرجری کے بعد دوسرے دن سے مریضہ کھانے کے قابل ہوگئی اور تیسرے دن اسے اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ چھ مہینے میں مریضہ کا 29 کلو وزن کم ہوا اور اب اسے ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر کے لیے دوا کی ضرورت بھی نہیں رہی ہے۔
             ایک اور مریض جس کا وزن 120 کلوگرام تھا، اس کی بھی سرجری کی گئی اور سرجری کے بعد پانچ ماہ کے اندر اس کا وزن 28 کلو کم ہوا ہے۔ ڈاکٹر واصف نے کہاکہ وزن کم کرنے کے نان سرجیکل طریقوں میں بہت کم کامیابی ملتی ہے جب کہ بیریاٹک سرجری کے اچھے نتیجے برآمد ہوتے ہیں۔
             سرجیکل ٹیم میں پروفیسر ایس اے اے رضوی، ڈاکٹر واصف ایم علی، ڈاکٹر منظور احمد، ڈاکٹر عماد علی اور ڈاکٹر عماد علوی شامل تھے اور اینستھیسیا کی ٹیم نے ڈاکٹر کامران حبیب کی قیادت میں سرجری میں تعاون کیا۔
            جے این ایم سی میں وزن کم کرنے کی سرجری کی ابتدا ہونے سے کفایتی علاج تک کافی لوگوں کی رسائی ہوگی اور انھیں فائدہ ہوگا