رونا بھی صحت کے لئے مفید ہے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2022
رونا بھی صحت کے لئے مفید ہے
رونا بھی صحت کے لئے مفید ہے

 

 

نئی دہلی: بات بات پر رونے والے افراد خصوصاً خواتین کی اس عادت کو پسند نہیں کیا جاتا لیکن سائنس نے ثابت کردیا ہے کہ رونا اور آنسو بہانا جسمانی و جذباتی صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔

آپ نے اکثر یہ بات محسوس کی ہوگی کہ جب بھی آپ روتے ہیں اور آنسو بہاتے ہیں تو کچھ لمحوں بعد ایک سکون کا احساس ہوتا ہے اور لگتا ہے کہ دل کا کوئی بوجھ کم ہو گیا ہے۔

اب یہ بات سائنس سے بھی ثابت ہو چکی ہے کہ رونے سے جہاں ایک طرف آپ بے چینی اور اضطراب کی کیفیات سے نکل کر ذہنی اور جذباتی طور پر بہتر محسوس کرتے ہیں وہیں دوسری طرف اس کے بے تحاشہ جسمانی فائدے بھی ہیں۔

البتہ کثرت سے رونا ڈپریشن، مایوسی اور دیگر ذہنی عارضوں کی جانب اشارہ کرتا ہے جبکہ کسی بیماری کے بغیر کبھی کبھار رونا ایک صحت مند ردعمل ہے۔ اس کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

رونے کی صورت میں آنکھوں سے آنسو بہتے ہیں جو ایک طرف تو آنکھوں کو نمی فراہم کرتے ہیں تو دوسری جانب اس صفائی کو بھی یقینی بناتے ہیں، گویا آنسو آنکھ کو صحت مند رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

آنسو کی کئی اقسام ہیں ان میں سے ایک جذباتی آنسو کہلاتے ہیں، بصارت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جذباتی آنسو دوسرے آنسوؤں سے مختلف ہوتے ہیں، ان میں پروٹین اور ہارمونز ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے یہ درد اور اضطرابی کیفیات سے نجات دینے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور جسم کو دوبارہ پر سکون حالت میں لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

آنسو ہماری آنکھ کو نمی فراہم کرتے ہیں جس سے بینائی بہتر ہوتی ہے، اس میں کئی طرح کے کیمیکل ہوتے ہیں جو آنکھ کی صفائی کرتے، بیکٹریا کو مارتے، نقصان دہ جلن کو ختم کرتے اور کئی طرح کے انفیکشن سے بچاتے ہیں۔

آنسو میں اٹھانوے فیصد پانی، کچھ مقدار میں نمک، فیٹی آئل اور 1500 مختلف پروٹین ہوتے ہیں، اس میں ایک طرح کا اینٹی بیکٹیریل کیمیکل بھی پایا جاتا ہے جو انفیکشن سے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین بصارت کا اس ضمن میں مزید کہنا ہے کہ رونا ایسے افراد کے لیے بے پناہ افادیت رکھتا ہے جو اسکرین کے سامنے بیٹھ کر کام کرتے ہیں، یہ ان کی آنکھوں کی خشکی کو دور کرتے ہیں۔

رونا جذبات کو ظاہر کرنے کا بھی ایک قدرتی عمل ہے، یہ عمل صرف اپنے جذبات و احساسات کے ساتھ ہی وابستہ نہیں بلکہ دوسروں کی اداسی، غصے اور خوشی میں بھی آنسو بہنے لگتے ہیں۔

جب ہم روتے ہیں تو اس سے ایک طرح کا کتھارسس ہوتا ہے یعنی ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور ہم پرسکون ہو جاتے ہیں، مختلف تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رونا کسی بھی ایسی صورتحال سے باہر آنے ایک راستہ ہے۔