واٹس ایپ اپنی پرائیویسی پالیسی پر قائم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-02-2021
واٹس ایپ نے حالیہ دنوں اپنی سروسیز کو ایک نئی اور متنازعہ پرائیویسی پالیسی سے مشروط کر دیا تھا
واٹس ایپ نے حالیہ دنوں اپنی سروسیز کو ایک نئی اور متنازعہ پرائیویسی پالیسی سے مشروط کر دیا تھا

 

 

نئی دہلی: پیغام رسانی اور ویڈیو کالنگ کی مقبول ترین ایپ واٹس ایپ نے حالیہ دنوں اپنی سروسیز کو ایک نئی اور متنازعہ پرائیویسی پالیسی سے مشروط کر دیا تھا- واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو متنبہ کیا تھا کہ اگر انہوں نے اس پالیسی پر حامی نہ بھری تو 15 مئی کے بعد ان کو دی جانے والی خدمات بند ہو جائیں گی- اس اعلان کے بعد صارفین کے ایک بڑے طبقے کی جانب سے زبر دست رد عمل سامنے آیا تھا۔

تاہم فیس بک کی زیرملکیت موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے شدید تنقید کے باجود متنازعہ پرائیویسی (رازداری) پالیسی کو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واٹس ایپ کے صارفین کو نئی پرائیویسی پالیسی کے بارے میں آگاہ کرنے کے انداز میں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے جاری حالیہ بلاگ میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کو ہی نافذ کرے گی تاہم اب واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو متنازعہ پرائیویسی پالیسی پڑھنے کی اجازت دی جائے گی ساتھ ہی صارفین کو اضافی معلومات فراہم کرنے والا بینر بھی دکھایا جائے گا۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ کہ کمپنی صارفین کو میسجنگ پلیٹ فارم کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اپ ڈیٹس کا جائزہ لینے اور اسے قبول کرنے سے متعلق یاد دہانی کروانے کا سلسلہ شروع کرے گی۔ واٹس ایپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے صارفین کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کے ساتھ مزید معلومات شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ صارفین اس پالیسی کو اپنانے کے حوالے سے کتنے پرجوش رہتے ہیں- اس نئی پالیسی سے جنم لینے والے خدشات کو واٹس ایپ نے ابھی مکمل طور پر دور نہیں کیا ہے۔