سام سنگ نے لاونچ کئے نئے گلیکسی فونز اور ٹیبلٹس

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-02-2022
 سام سنگ نے لاونچ  کئے نئے گلیکسی فونز اور ٹیبلٹس
سام سنگ نے لاونچ کئے نئے گلیکسی فونز اور ٹیبلٹس

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

ایپل کی نئی مصنوعات کے مقابلے میں سام سنگ نے نئے سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس متعارف کراد یے ہیں۔ سی این بی سی کے مطابق بدھ کو سام سنگ نے نئے گلیکسی ایس 22 سمارٹ فون کے تین ماڈلز متعارف کرائے جن میں سٹینڈرڈ ایس 22، قدرے مہنگے ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا شامل ہیں۔

نئے فونز میں ایس 22 کی قیمت 800 ڈالرز، ایس 22 پلس کی قیمت ایک ہزار ڈالرز جبکہ اس کے سب سے ایڈوانس ورژن کی قیمت 1200 ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔ ایس 22 نئے فونز میں سب سے چھوٹی پیکنگ میں جس کی ڈسپلے سکرین چھ اعشاریہ ایک انچ ہے۔

ایس 22 پلس کی سکرین چھ اعشاریہ چھ انچ ہے جبکہ ایس 22 الٹرا دونوں فونز کے مقابلے میں بڑا ہے جس کا پینل چھ اعشاریہ آٹھ انچ ہے۔ سام سنگ کے مطابق ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ فائیو جی نیٹ ورکس کے ساتھ جُڑ سکتے ہیں جبکہ نئے فونز کے تینوں ماڈل نیکسٹ جنریشن وائی فائی یعنی وائی فائی 6 سے منسلک ہو سکتے ہیں۔

ایس 22 سیریز کے تینوں فونز کے فریم ایلومینیم سے بنائے گئے ہیں جبکہ اس کے فرنٹ اور بیک سائیڈ پر جدید گلاس لگایا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایس 22 اور ایس 22 پلس چار رنگوں سفید، پنک، سیاہ اور سبز رنگ میں دستیاب ہوں گے جبکہ ایس 22 الٹرا ان چار رنگوں کے علاوہ ارغوانی رنگ میں بھی دستیاب ہوگا۔

سمارٹ فونز کا ایک اہم جزو ان کے کیمرے ہوتے ہیں۔ سام سنگ کے مطابق ایس 22 اور ایس 22 پلس فونز میں تین لینز کیمرا سسٹم ہے۔ ان میں 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 50 میگا پکسل کا مرکزی کیمرا اور 10 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو سینسر شامل ہے جس سے زومنگ میں مزید بہتر تصویر ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے اپنے نئے فونز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے فوٹوگرافی اور سکرولنگ کو مزید آسان اور بہتر بنایا ہے۔ سام سنگ نے انڈرائیڈ ٹیبلٹس کے تین نئے ماڈل بھی مارکیٹ میں لائے گئے ہیں جن میں گلیکسی ٹیب ایس 8، ایس 8 پلس اور ایس 8 الٹرا شامل ہیں۔

گلیکسی ٹیب ایس 8 الٹرا کو ایک بڑی اور جدید 14 اعشاریہ چھ انچ کی سکرین کے ساتھ لانچ کیا گیا ہے۔ بڑے حجم کے باوجود کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا ٹیب وزن میں ہلکا اور کسی بھی لیپ ٹاپ کے مقابلے میں آدھا ہے۔