سیاسی و سماجی گروپوں پر فیس بک کا ہتھوڑا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2021
فیس بک: سیاسی و سماجی گروپوں پراہم اقدام
فیس بک: سیاسی و سماجی گروپوں پراہم اقدام

 

 

نئی دہلی

سماجی رابطے کی سائٹس پر متعدد سیاسی و سماجی گروپوں کی شرارت انگیز حرکتوں کی وجہ سے فیس بک اپنے صارفین کو قواعد وضوابط کا پابند بنانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔

فیس بک نے انکشاف کیا ہے کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارم پرقواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی و سماجی گروپوں کو مہم اور ان کو جوائن کرنے کی پروموشن کو ختم کرنے پر غور کررہی ہے اور اس اقدام کا مقصد فیس بک کے قواعد وضوابط توڑنے والے گروپوں کی رسائی کو محدود کرنا ہے ۔

محققین اور سول رائٹس آرگنائزیشن کی جانب سے فیس بک کو تنبیہ کی جاچکی تھی کہ عوامی دلچسپی میں اضافے سے متعلق بنائے گئے گروپس بھی ماضی میں غلط معلومات پھیلانے کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں۔

فیس بک انجینئرنگ کے نائب صدر ٹام ایلیسن کا کہنا تھا کہ فیس بک تیزی سے گروپوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے اور صارفین چاہتے ہیں کہ ہم فیس بک پر موجود سیاسی مواد میں کمی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب صارفین کو کسی بھی عنوان پر بنائے جانے والے گروپ کو سفارشات کے حصول کے لیے 21 دن انتظار کرنا پڑے گا تاکہ کمپنی یہ جان سکے کہ گروپ کو آپریٹ کیسے کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ بھی جنوری میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران عالمی سطح پر سیاسی اور سماجی گروپوں کو دی جانے والی سفارشات کو کم کیے جانے کا مقصد بیان کرچکے ہیں جب کہ ان کا کہنا تھا کہ صارفین فیس بک پر سیاسی مواد کم دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔