یہ اعزاز نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے: عدنان سمیع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-11-2021
یہ اعزاز نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے: عدنان سمیع
یہ اعزاز نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے: عدنان سمیع

 

 

نئی دہلی :نامور گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع خان کو پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہلی میں ایوان صدر میں منعقد تقریب میں صدر رام ناتھ کووند نے اعزاز دیے جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے عدنان سمیع خان نے 2016 میں ہندوستانی شہریت حاصل کی تھی۔ جنوری میں پدما شری ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے کے بعد عدنان سمیع کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کانگریس پارٹی نے انہیں منتخب کیے جانے کو ’130 کروڑ ہندوستانیوں  کی توہین‘ قرار دیا تھا۔ اس وقت عدنان سمیع نے کہا تھا ’مجھ پر تنقید کرنے والے معمولی سیاست دان ہیں۔ وہ یہ سب محض اس لیے کر رہے ہیں کہ ان کا سیاسی ایجنڈا ہے اور اس سب کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔ میں کوئی سیاست دان نہیں بلکہ موسیقار ہوں۔‘

 آج کالی شیروانی میں اعزاز وصول کرنے والے عدنان سمیع نے کہا ’بعض اوقات آپ کو اپنے جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ملتے۔ ’میں حکومت کا اور لوگوں کا شکر گزار ہوں کیونکہ ان کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں۔‘ عدنان سمیع نے اعزاز اپنے والد اور والدہ کے نام کرتے ہوئے کہا ’یہ صرف اعزاز نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے جس میں نبھانے کی مکمل کوشش کروں گا۔‘ ان کے علاوہ فن کی دنیا سے اداکارہ کنگنا رناوت، فلم ساز کرن جوہر، ایکتا کپور اور مرحوم گلوکار ایس پی بالا سبرامنیم بھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل تھے۔