پاکستان جیسا ٹیلنٹ کہیں نہیں ہے: نیہا ککڑ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2022
پاکستان جیسا ٹیلنٹ کہیں نہیں ہے: نیہا ککڑ
پاکستان جیسا ٹیلنٹ کہیں نہیں ہے: نیہا ککڑ

 

 

ابو ظہبی :: موسیقی کے نوجوان شائقین کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں شمار کی جانے والی نیہا ککڑ کا کہنا ہے کہ ’موسیقی میں پاکستان جیسا ٹیلنٹ کہیں نہیں ہے۔‘ متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں ہونے والے آئیفا ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ کی تقریب میں نیہا ککڑ نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں پاکستان میں موسیقی کے ٹیلنٹ کو خاصا سراہا۔

گلوکارہ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ عاطف اسلم کے ساتھ پرفارم کرنا پسند کرتی ہیں؟ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’جی بالکل، وہ عاطف اسلم کے ساتھ گانا پسند کرتی ہیں۔ پاکستان کے سارے گلوگار بہت اچھے ہیں، پاکستانی ٹیلنٹ کا کوئی جواب نہیں ہے اور وہ پاکستانی میوزک کی مداح ہیں۔‘ پاکستان اور پاکستانیوں سے متعلق محبت بھرے جذبات کا اظہار کرنے والی نیہا ککڑ نے یہاں موجود اپنے فینز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ نیہا ککڑ کئی بار پاکستانی گانے ری میک کے طور پر گا چکی ہیں جو بہت پسند کیے گئے ہیں۔

یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ پاکستانی گلوکاروں کوان کے انڈین ہم پیشہ افراد کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران نصرت فتح علی خان، غلام علی، شفقت امانت علی، عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، عابدہ پروین اور متعدد گلوکاروں کو انڈیا میں خوب سراہا جاتا رہا ہے۔

نیہا ککڑ نے آئیفا ایوارڈ 2022 کی تقریب میں پرفارم بھی کیا جسے خاصا سراہا گیا۔ ایوارڈز کے آفیشل ہینڈل نے ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس پرفارمنس کے بعد ہم یہی کہہ سکتے ہیں کہ ’ایک بار اور۔‘ ابوظبی میں آئیفا ایوارڈز کی تقریب کے ایک حصے کی میزبانی سلمان خان نے بھی کی۔ متحدہ عرب امارات کی کابینہ کے رکن شیخ نہییان مبارک آل نیہان بھی ایوارڈز کی تقریب میں شریک ہوئے۔