سعودی عرب : تاریخ کا پہلا فلم فیسٹیول شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-12-2021
سعودی عرب : تاریخ کا پہلا فلم فیسٹیول، 138  فلموں کی ہوگی نمائش
سعودی عرب : تاریخ کا پہلا فلم فیسٹیول، 138 فلموں کی ہوگی نمائش

 

 

جدہ:اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں پہلی بار عالمی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکا، برطانیہ، فرانس، مصر،ہندوستان اور ملائیشیا سمیت دنیا کے متعدد ممالک سے اداکاروں نے شرکت کی۔

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ہونے والے اپنی نوعیت کے منفرد اور پہلے فلم فیسٹیول ’ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ (آر ایس آئی ایف ایف) میں دنیا بھر کی معروف شوبز شخصیات نے شرکت کی۔ فیسٹول جو 10 روز تک جاری رہے گا۔ فلمی میلے میں 67 ممالک کی 138 دستاویزی فلمیں 30 سے زائد زبانوں میں پیش کی جائیں گی۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے پہلے فلم فیسٹیول میں ملکی و غیر ملکی نامور فنکار شرکت کر رہے ہیں۔ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکا کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں سینیما کی بحالی ایک مثبت قدم ہے جس کی جتنی پذیرائی کی جائے کم ہے۔

فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر محمد ال ترکی نے  کہا کہ فلم فیسٹیول میں اگلے 10 روز تک دنیا بھر کی تمام مشہور فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، جدہ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں دنیا بھر سے آئے غیر ملکی ہدایت کار اور اداکار اپنی فلموں کی نمائش کریں گے جس سے دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ سعودی عرب اب فنون لطیفہ میں اپنی خدمات پیش کرے گا۔

جدہ میں ہونے والے فلمی میلے میں سعودی عرب کی پہلی ہدایت کار خاتون ہیفا المنصور کی بھی شرکت متوقع ہے جنہوں نے 2012ء میں فلم ’وجدہ‘ کی ہدایت کاری کی اور اپنے نام کئی بین الاقوامی ایوارڈز کیے۔

awazurdu

فلمی میلے میں شریک سعودی اداکار الہام علی نے کہا کہ 5 سال قبل شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سعودی عرب میں فلمی میلے کے انعقاد کے اعلان پر مجھے یقین نہیں آیا تھا اور آج ملکی تاریخ کے ہونے والے پہلے فلمی میلے میں ریڈ کارپٹ میں شریک ہوں۔

سعودی عرب کے ہدایت کار احمد ال ملاح کا کہنا ہے کہ 2018ء سے قبل سعودی عرب میں سینیما انڈسٹری انتہائی زوال کا شکار تھی جس وجہ سے سرمایہ کار بھی انڈسٹری میں پیسہ نہیں لگاتے تھے۔

سعودی عرب کے اداکار اور ہدایت کار فلمی میلے کے انعقاد سے خوش ہیں۔ امید ہے سال 2030ء تک سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں 950 ملین ڈالر منافع بخش کاروبار ہونے کی توقع ہے جو ملکی زرِ مبادلہ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

aww

اپنی نوعیت کے منفرد فلم فیسٹیول میں دنیا کے متعدد ممالک کی 135 سے زائد فلمیں دکھائی جائیں گی۔ فلم فیسٹیول میں پیش کی جانے والی زیادہ تر فلمیں عربی زبان کی ہیں، تاہم فیسٹیول کے دوران انگریزی، فرانسیسی، اسپینش، ہندی، بگالی اور ملایلم سمیت دیگر زبان کی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔

 فلم فیسٹیول میں بالی وڈ کی آنے والی اسپورٹس فلم ’83‘ کو بھی پیش کیا جائے گا ۔ 

.فلم فیسٹیول کا ریڈ کارپٹ 6 دسمبر کو سجایا گیا، جس میں فرانسیسی، امریکی، اسپینش، مصری، مراکشی، اماراتی اور ہندوستانی اداکاراؤں نے جلوے بکھیرے۔