مسجدنبوی سے رخصتی پرآبدیدہ ہوگئیں ثناخان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-01-2022
مسجدنبوی سے رخصتی پرآبدیدہ ہوگئیں ثناخان
مسجدنبوی سے رخصتی پرآبدیدہ ہوگئیں ثناخان

 

 

مدینہ: اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ ثناء خان عمرے کی ادائیگی کے بعد آبدیدہ ہوگئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ثناء خان، جنہوں نے حال ہی میں اپنے شوہر مفتی انس کے ساتھ عمرہ ادا کیا ہے، اُنہوں نے اپنے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں آبدیدہ ہوتے ہوئے ثناء خان نے کہا کہ ’آج روضۂ مبارک میں میری آخری مغرب کی نماز ہے، میں یہ سوچ رہی ہوں کہ اللّہ تعالیٰ ہمیں کس قدر دیتا ہے لیکن ہم کبھی بھی اس کا شکریہ ادا نہیں کر سکتے۔‘ اُنہوں نے کہا کہ ’ہم اپنے رب کا شُکر ادا نہیں کرتے ہیں لیکن پھر بھی وہ ہمیں اپنی نعمتوں سے نوازتا رہتا ہے۔‘

 

ثناء خان نے مزید کہا کہ ’ہم بہت ناشکرے ہیں، جب لوگ ہمیں چیزیں دیتے ہیں تو ہم ان کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن جب اللّہ تعالیٰ ہمیں اتنا دیتا ہے تو ہم اس کا اتنا شکریہ ادا نہیں کرتے۔‘

 

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔ بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔ (ایجنسی)