آواز دی وائس، نئی دہلی
پاکستانی فلمی صنعت کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے نہ صرف پاکستان برصغیر میں بھی دھوم مچا دی تھی اور پاکستان کی مردہ فلمی صنعت کو ایک نئی زندگی دینے کا اشارہ کیا تھا۔اس فلم کی مقبولیت نے سرحدوں کو پار کیا۔ پوری دنیا میں ریلیز کی گئی،مگر اہم بات یہ تھی کہ اس فلم کو ہندوستان میں بھی ریلیز کرنے کی تیاری مکمل ہوچکی تھی مگر طے شدہ پروگرام سے ایک دن قبل فلم کی نمائش کو ٹال دیا گیا۔ کن وجوہات پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے۔
بتا دیں کہ فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' 30 دسمبر2022 کو ہندوستان کے چند سنیما گھروں کی زینت بننا تھی۔
ہندوستانی نیوز چینل 'ٹائمز ناؤ' کے مطابق سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نے ایک ہفتہ قبل فلم کی ریلیز کی منظور دی تھی۔ 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی اور ریاست پنجاب کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جا رہی تھی۔
ہندوستانی ویب سائٹ 'بالی وڈ ہنگامہ' کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کو دیا گیا سینسر سرٹیفکیٹ منسوخ کیا گیا ہے یا نہیں۔ تاہم فلم کی ریلیز غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے۔ پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ہندوستان میں ریلیز پر بحث جاری تھی۔
سیاسی جماعت مہاراشٹرا نونرمن سینا (ایم این ایس) کے رہنما امے کھوپکر نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان میں پاکستانی فلم کو ریلیز ہونے نہیں دیں گے۔ سن 2019 میں آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد ہندوستان میں پاکستانی اداکاروں اور فن کاروں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
ہندوستان میں ریلیز کی خبرردعمل
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ غنیٰ علی نے فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ہندوستان میں ریلیز کی خبر پر دلچسپ انداز میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی 30 دسمبر کو ہندوستان میں ریلیز کی خبر پر پاکستانی سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
دیگر صارفین کی طرح اداکارہ غنیٰ علی بھی اس خبر پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرنے سےخود کو نہ روک سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود بھی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ہندوستان میں ریلیز پر غور کیا جارہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق، فلم کی ہندوستانی ریاست پنجاب اور دہلی میں ریلیز ’زی اسٹوڈیوز‘ کروارہا ہے۔
زی اسٹوڈیوز کی جانب سے فلم کی پنجاب اور دہلی میں ریلیز کی یہ وجہ بتائی گئی ہے کہ مذکورہ فلم پنجابی زبان میں بنائی گئی ہے، اس لیے فلم کی شمالی ہندوستان میں شاندار پذیرائی کے امکانات زیادہ ہیں۔
دوسری جانب، ہندوستانی ریاست نیو دہلی کے شہر گرگاؤں میں واقع ’PVR‘ سینماز نے اپنی ویب سائٹ پر’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پوسٹر اپلوڈ کرتے ہوئے فلم کی 30 دسمبر کو ریلیز کا اعلان بھی کردیا تھا جبکہ پنجاب سے یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ وہاں کے سینما گھروں میں فلم کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا تھا۔
سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلم
یاد رہے کہ فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک کی مرکزی کاسٹ پر مبنی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 50 کروڑ روپے کمانے والی اب تک کی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔
پاکستانی تایخ میں آج تک کسی فلم نے ریلیز کے پہلے دن 50 کروڑ روپے نہیں کمائے اور نہ ہی آج تک کسی اور فلم کو بیک وقت دنیا کے 25 ممالک کی 500 اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔
تاہم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے پاکستان سمیت دنیا بھر سے 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔
فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت اور فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی اسٹوری میں بتایا گیا کہ فلم نے 18 اکتوبر تک دنیا بھر سے 23 لاکھ امریکی ڈالر اور پاکستانی 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔
پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم نے بیرون ممالک میں سب سے زیادہ کمائی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کی، جہاں فلم نے 5 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کی۔
فلم نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ کمائی پاکستان میں ہی کی، تاہم متحدہ عرب امارات کی کمائی مقامی انڈسٹری سے تھوڑی سی کم رہی۔
بیرون ممالک کی کمائی میں برطانیہ دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر رہا جب کہ کینیڈا چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر رہا اور مجموعی طور پر فلم نے پاکستان سمیت دنیا کے 25 ممالک سے صرف 5 دن میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔
یعنی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے یومیہ دنیا بھر سے 10 کروڑ روپے کی کمائی کی جو کہ متعدد پاکستانی فلموں کی پوری زندگی کی کمائی کے برابر ہے۔ حالیہ چند سال میں اگرچہ پاکستانی فلموں کی کمائی میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم اس باوجود کسی فلم نے ریلیز کے ابتدائی 5 دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے۔
حالیہ چند سال میں ریلیز ہونے والی فلموں ’جوانی پھر نہیں آنی، نامعلوم افراد، پنجاب نہیں جاؤں گی، لندن نہیں جاؤں گا، قائد اعظم زندہ باد اور ایکٹر ان لا‘ جیسی فلموں نے اچھی کمائی کی اور بعض فلموں کا مجموعی بزنس 50 کروڑ روپے تک بھی گیا لیکن کسی فلم نے یومیہ 10 کروڑ اور پانچ دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے۔
ذرائع کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستانی 50 سے 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پنجابی زبان کی فلم ہے جو کہ 1979 میں ’مولا جٹ‘ کے نام سے بنائی گئی فلم کا نیا ورژن ہے اور اس فلم کو تقریبا ایک دہائی میں مکمل کرکے ریلیز کیا گیا۔
چار سوسے زائد سینماگھروں میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم
فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، حمیمہ ملک اور گوہر رشید جیسی کاسٹ پر مبنی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو امریکا، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور مختلف خلیجی ممالک کی 400 سے زائد سینما اسکرینز پر ریلیز کردیا گیا۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پہلی پاکستانی فلم بن گئی، جسے عالمی سطح پر اتنی زیادہ اسکرینز پر ریلیز کیا گیا۔
فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر دی گئی عالمی سینماؤں کی فہرست کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو سب سے زیادہ آسٹریلیا کی سینما اسکرینز پر ریلیز کیا گیا، جن کی تعداد 100 سے بھی زائد ہے۔
اسی طرح فلم کو امریکا کی 40 اور برطانیہ کی 80 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا جب کہ اسے کینیڈا کی بھی 50 سے زائد اسکرین پر ریلیز کیا گیا۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پریمیئر جہاں پاکستان میں منعقد کیا گیا، وہیں اس کا پریمیئر خلیجی ملک قطر میں بھی منعقد کیا گیا، جہاں فلم کی کاسٹ سمیت دیگر ٹیم نے بھی شرکت کی اور ریڈ کارپٹ پر جلوے بھی بکھیرے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا کہ اسے اپنے ملک سے زیادہ عالمی اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔
پاکستان میں اس وقت بمشکل 300 سینما اسکرینز موجود ہیں جب کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو دنیا بھر کی 400 سے زائد اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔
فلم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا ار اس کی بکنگ دو ہفتے قبل ہی شروع کردی گئی تھی اور پاکستان میں اس کا ٹکٹ 1100 تک رکھا گیا تھا۔
اگرچہ فوری طور پر فلم کی ٹیم نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پہلے دن کی کمائی سے متعلق بیان جاری نہیں کیا، تاہم فلم کی ٹیم کے ذرائع کے مطابق اس نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی 10 کروڑ روپے کے قریب بزنس کی۔
’ایم ایم نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں فلم ساز بلال لاشاری کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے پہلے ہی دن ساڑھے 9 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔
اگر مذکورہ رپورٹ کو درست مانا جائے تو ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی سینما تاریخ کی پہلی فلم ہوگی، جس نے پہلے ہی دن اتنی زیادہ کمائی کی، اس سے قبل زیادہ کمائی کرنے والی فلموں نے بھی پہلے دن زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے تک کی کمائی کی تھی۔