پاکستان :عاطف اسلم کا لتا منگیشکر کو جذباتی خراج عقیدت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-02-2022
پاکستان :عاطف اسلم کا لتا منگیشکر کو جذباتی خراج عقیدت
پاکستان :عاطف اسلم کا لتا منگیشکر کو جذباتی خراج عقیدت

 

 

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بالی ووڈ کی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج تحسین پیش کیا، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے۔

دو روز قبل دبئی میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران عاطف اسلم نے لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لتا منگیشکر ہمارے درمیان نہیں مگر میں نے اُن کے گانوں کے ساتھ زندگی گزاری، میں کبھی لتا سے ملا نہیں مگر میں نے اُن کے میوزک کو جیا ہے۔

اسی کے ساتھ عاطف اسلم نے لتا منگیشکر سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ایک پیار کا نغمہ ہے‘ گانے کے چند بول گن گنائے، اس دوران اسٹیج پر نصب اسکرین پر آنجہانی گلوکارہ کی تصویر آویزاں تھی جب کہ حاضرین محفل بھی اس لمحے سے خوب محظوظ ہورہے تھے۔

اس دوران سب سے مسحور کن یا جذباتی لمحہ وہ تھا جب عاطف اسلم نے اسکرین پر لتا کی تصویر کی طرف ہاتھ اٹھاتے ہوئے گانے کے بول ’زندگی اور کچھ بھی نہیں، تیری میری کہانی ہے‘ گائے۔ واضح رہے کہ لیجنڈری گلوکارہ 6 فروری کو علالت کے باعث دارِ فانی سے کوچ کرگئیں تھیں۔