فلم انڈسٹری میں آنے سے قبل بیت الخلا بھی صاف کیا: گلوکار و اداکار کا انکشاف

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-10-2022
فلم انڈسٹری میں آنے سے قبل بیت الخلا بھی صاف کیا: گلوکار و اداکار کا انکشاف
فلم انڈسٹری میں آنے سے قبل بیت الخلا بھی صاف کیا: گلوکار و اداکار کا انکشاف

 

 

ممبئی: گلوکار و اداکار گِپی گریوال نے انکشاف کیا ہے کہ میوزک انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل وہ بیت الخلا صاف کیا کرتے تھے۔ گِپی گریوال پنجابی فلم اور میوزک انڈسٹری کی کامیاب ترین شخصیات میں سے ایک ہیں ،انہوں نے حال ہی میں شوبز میں دو دہائیاں مکمل کیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حال میں ایک انٹرویو میں گِپی گریوال نے بتایا کہ 2002 میں اپنے ڈیبیو سے پہلےانہوں نے کینیڈا میں تین مختلف ملازمتیں کیں جبکہ اضافی پیسوں کے لیے انہوں نے بیت الخلا بھی صاف کیے۔

انٹرویو کے دوران گپی نے کہا کہ ہندوستان میں اکثر لوگ بیت الخلا صاف کرنے والے افراد کو حقارت سے دیکھتے ہیں،یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمیں ایسی چیزیں سکھائی جاتی ہیں کہ باتھ روم صاف کرنا کوئی اچھی نوکری نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں کینیڈا میں تھا تو میں صفائی کا کام کرتا تھا،میں محسوس کرتا تھا کہ بیت الخلا صاف کرنا ایک عام بات ہے، مجھے اس کام سے کوئی اعتراض نہیں تھا۔ مجھے اس کے لیے اضافی تنخواہ ملتی تھی اور میں اسے خوشی سے کرتا تھا۔

اس کے علاوہ گِپی گریوال نے مزید بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ رنویت کینیڈا میں صبح سویرے لوگوں کے گھر اخبار بھی دیا کرتے تھے۔ واضح رہے کہ گِپی گریوال گلوکاری کے علاوہ متعدد مشہور پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔