دیویتا رائے مس یونیورس 2023 میں کریں گی ہندوستان کی نمائندگی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-01-2023
دیویتا رائے مس یونیورس 2023 میں کریں گی ہندوستان کی نمائندگی
دیویتا رائے مس یونیورس 2023 میں کریں گی ہندوستان کی نمائندگی

 

 

نیویارک: امریکہ میں منعقد ہونے والے 71 ویں مس یونیورس مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کرناٹک سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ ماڈل دیویتا رائے کر رہی ہیں۔

 وہ گزشتہ سال مس ڈیوا یونیورس2022 منتخب ہوئی تھیں۔بنگلور کے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی دیویتانےممبئی کےایک کالج سےفن تعمیر کی تعلیم حاصل کی اور کئی این جی اوز سے وابستہ رہی ہیں۔ دیویتا کی پیدائش 10 جنوری 1998 کو منگلور میں ہوئی تھی۔حالاں کہ اب وہ ممبئی میں رہتی ہیں۔

 انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم کرناٹک کے راجہ جی نگر میں واقع نیشنل پبلک اسکول سے مکمل کی اور پھر ممبئی چلی گئیں۔  اس کے بعد انہوں نے ممبئی کے سر جے جے کالج آف آرکیٹیکچر سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ دیویتا ایک ماڈل ہونے کے ساتھ ساتھ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں۔ دیویتا کو بیڈمنٹن اور باسکٹ بال کھیلنا پسند ہے۔

 انہیں مصوری اور موسیقی کا بھی شوق ہے۔ دیویتا کے والد انڈین آئل میں کام کرتے ہیں۔ دیویتا سشمیتا سین کو اپنا رول ماڈل  مانتی ہیں۔ دیویتا کا خیال ہے کہ سشمیتا نے مس ​​یونیورس کے پلیٹ فارم تک پہنچنے کا خواب ہندوستان کی بہت سی لڑکیوں کو دکھایا ہے۔

خیال رہے کہ سشمیتا ہندوستان کی پہلی خاتون ہیں جو 1994 میں مس یونیورس بنیں تھیں۔  دیویتا نے مس ​​ڈیوا یونیورس 2022 کا خطاب جیت لیا ہے۔ جب دیویتا نے ڈیوا یونیورس کا ٹائٹل جیتا تو انہیں مس یونیورس 2021 ہرناز سندھو نے تاج پہنایا۔

 دیویتا اپنے والد سے بہت زیادہ ترغیب لیتی ہیں اور تعلیم کو ہر کسی کے لیے قابل رسائی بنانا چاہتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں میرے والد نے مالی بحران سے نکلنے کے لیے تعلیم کی طاقت کا استعمال کیا۔ انہوں نے خود کو پیسہ کمانے اور اپنے خاندان کی مدد کرنے کا اختیار دیا۔

دیویتا کا کہنا ہے کہ  تبدیلی سے نہ گھبرائیں، زندگی کو گلے لگائیں اور ہر لمحہ بھرپور طریقے سے جییں۔