دلیپ کمارکی ناکام محبتیں،جن پروہ ہمیشہ خاموش رہے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2021
فلم مغل اعظم میں دلیپ کماراورمدھوبالا
فلم مغل اعظم میں دلیپ کماراورمدھوبالا

 

 

دلیپ کمار،اپنی فلموں کے حوالے سے ناظرین میں مقبول رہے ہیں مگر ان کے چاہنے والے ان کی نجی زندگی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس پہلو سے دلیپ کمار کی داستان محبت بھی اخبارات ورسائل کی زینت بنتی رہی ہیں۔ سائرہ بانوسے انھوں نے شادی کی مگر سائرہ سے قبل ،ان کی زندگی میں کئی عورتیں آئیں۔ مدھوبالااور دلیپ کمار کے عشق کے چرچے،کبھی بہت عام تھے۔

اسی طرح کامنی کوشل اور دلیپ کمار کی داستانِ محبت بھی کسی زمانے میں رسائل کی سرخیوں میں ہوتی تھی۔ دلیپ کمار کا نام وجنتی مالاکے ساتھ بھی جڑااور ایک وقت وہ بھی آیا جب دونوں نے ایک دوسرے سے بات چیت تک بند کر رکھی تھی۔ دلیپ کمار اور مدھوبالا کی محبت کے بارے میں نصف صدی سے بھی زیادہ عرصے سے باتیں ہو رہی ہیں تاہم ابھی تک حقائق سے بہت کم ہی لوگ واقف ہیں۔

دلیپ کماراوروجنتی مالاکی جوڑی کو فلم ناظرین نے خوب پسند کیا

دلیپ کمار ایک ایسے اداکار ہیں جنھوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت کم باتیں کی ہیں۔ لوگ ان کی فلمی زندگی کے علاوہ ان کے بارے میں بہت کم جانتے ہیں۔

چند سال قبل ’دلیپ کمار: دا سبسٹنس اینڈ دا شیڈو‘ نامی کتاب آئی تھی جس میں مدھوبالا سے ان کے عشق اور جدائی کے سربستہ رازوں کے علاوہ بھی بہت سی باتوں سے پردہ اٹھایاگیا تھا۔ کتاب کی مصنفہ ہیں اُدے تارا نائر جنھوں نے دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو سے صلاح و مشورہ کے بعد ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں لکھا ہے۔ اُدے تارا کے مطابق دلیپ کمار نے بتایا ہے کہ کس طرح وہ اور مدھوبالا ایک دوسرے سے بے انتہا محبت کرتے تھے اور شادی بھی کرنا چاہتے تھے، لیکن مدھوبالا کے والد ان کی راہ میں حائل ہو گئے۔

کتاب کے مطابق مدھوبالا کے والد چاہتے تھے کہ دلیپ اور مدھوبالا صرف ان کے پروڈکشن ہاؤس کے لیے ہی کام کریں جبکہ دلیپ کمار اپنے زمانے کے معروف ترین اداکار ہونے کے ناطے اس بات سے متفق نہیں تھے۔ دلیپ کمار کے مطابق وہ مدھوبالا کے والد کے ہاتھوں کا کھلونا نہیں بننا چاہتے تھے۔

مدھوبالا نے اس معاملے پر دلیپ کمار کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے اور اس طرح دونوں ایک دوسرے سے دور ہوتے چلے گئے۔ شہنشاہ جذبات دلیپ کمار اور اپنے زمانہ کی معروف اداکارہ کامنی کوشل کی محبت بھی چرچے میں آئی۔اس عشق کی داستان کو کتابی شکل دیا ہے ۔

کامنی کوشل 'شہید'،شبنم اور ندیا کے پار میں دلیپ کمار کے مدمقابل ہیروئین تھیں اور پہلی بار میں انہیں عشق ہوگیا اور دونوں طرف عشق کا شعلہ بھڑکا ہواتھا۔حالانکہ دلیپ کمار نے کامنی کوشل کے ساتھ عشق کے بارے میں کبھی بھی کھل کر اظہار نہیں کیا، لیکن کتاب میں جگہ جگہ ہم عصروں کا اشارہ دیا گیا ہے جوکہ دونوں کے مابین عشق کی دہائی دیتے ہیں۔ مشہور کتھک رقاصہ ستارا دیوی نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ممبئی کے ایک عالیشان ہوٹل میں افواہوں کا شکار اس جوڑے سے ملاقات کی تھی جوکہ فرصت کے لمحات گزاررہے تھے۔

فلم ساز اور ہدایت کار پی این اروڑہ نے کامنی کوشل کوسپرہٹ فلم پگری میں ہدایت دی تھی۔انہوں نے بتایا کہ 'دلیپ کمار وقفہ وقفہ سے فلم کے سیٹ پرکامنی کوشل سے ملاقات کے لیے آدھمکتے تھے۔ اروڑہ کے مطابق ایک بار کامنی کوشل کا فوجی بھائی پستول لیکر فلم کے سیٹ پرپہنچ گیا اور کامنی کوشل کو جان سے مارنے کی دھمکی دی کہ وہ دلیپ کمار سے دوررہیں۔کتاب کے مطابق 'کامنی کوشل کے بھائی نے دلیپ کمار کو بھی دھمکی دی تھی۔

'بتایا جاتا ہے کہ 'اردو ادیبہ عصمت چغتائی نے بھی دلیپ کمار کو اس معاشقہ کے بارے میں متنبہ کیا تھا جس کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے تھے۔ دونوں فنکاروں کے معاشقہ کے خاتمہ کی ایک وجہ کامنی کوشل کے بھائی کی خودکشی کو بھی بتایا جاتا ہے ۔ویسے کامنی کوشل کی شادی ان کی بڑی بہن کے انتقال کے بعد ان کے بہنوئی سے پنجابی رواج کے مطابق کردی گئی تھی۔'