ممبئی :ایک سپر ہٹ فلم آپ کی قسمت بدل دیتی ہے۔ یہی کچھ سنی دیول کے ساتھ ہورہا ہے جن کی فلم غدر 2 کی کامیابی کے بعد اب انہیں کامیابی کا ضامن مانا جارہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے سپرسٹار سنی دیول کے ساتھ نئی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے جس کا ٹائٹل ’لاہور 1947‘ رکھا گیا ہے۔ عامر خان اپنے فلم میکنگ کیریئر میں پہلی مرتبہ سنی دیول کے ساتھ کام کریں گے۔ لاہور 1947 میں عامر خان سکرین پر جلوہ گر نہیں ہوں گے تاہم وہ اس فلم کے پروڈیوسر کے طور پر کام کریں گے۔
— Aamir Khan Productions (@AKPPL_Official) October 3, 2023
اس فلم میں سنی دیول بطور ہیرو جلوہ گر ہوں گے جبکہ اس کی ہدایتکاری راجکمار سنتوشی کریں گے۔ عامر خان کی پروڈکشن کمپنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُن سے منسوب پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اور عامر خان پروڈکشن کی پوری ٹیم بہت جوش اور خوشی سے اپنی اگلی فلم کا اعلان کر رہے ہیں جس کا نام لاہور 1947 ہے، اس میں سنی دیول بطور ہیرو کام کر رہے ہیں اور اس کی ہدایتکاری راجکمار سنتوشی کریں گے۔
عامر خان اور سنی دیول ابھی تک اپنے فلمی کیریئر میں ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر نہیں آئے تاہم 1990 اور 2000 کی دہائی کے اوائل میں دونوں سپرسٹارز کی فلمیں ایک ساتھ سنیما گھروں میں ریلیز ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب عامر خان آخری مرتبہ بڑے پردے پر فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں نظر آئے تھے۔ یہ فلم ہالی وُڈ کی مشہور بلاک بسٹر فلم ’فورسٹ گمپ‘ کا آفیشل ریمیک تھی تاہم لال سنگھ چڈھا باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی۔ اسی طرح 2023 سنی دیول کے لیے شاندار سال ثابت ہوا جس میں اُن کی فلم ’غدر 2‘ نے باکس آفس پر تباہی مچاتے ہوئے آل ٹائم بلاک بسٹر ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ سنی دیول کی غدر 2 باکس آفس پر 525 انڈین کروڑ روپے کما چکی ہے جس کے بعد یہ فلم صرف ایک دن کے لیے سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی ہندی فلم بھی بن گئی تھی تاہم شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے اس کا یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔