اے ایم یو:انڈسٹری 4.0 کے لئے اہلیت“ موضوع پر ویبینار کا اہتمام

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-10-2021
اے ایم یو:انڈسٹری 4.0 کے لئے اہلیت“ موضوع پر ویبینار کا اہتمام
اے ایم یو:انڈسٹری 4.0 کے لئے اہلیت“ موضوع پر ویبینار کا اہتمام

 

 

 آواز دی وائس، علی گڑھ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مکینیکل انجینئرنگ شعبہ نے ”انڈسٹری 4.0 کے لئے اہلیت‘‘ موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔

اس سے خطاب کرتے ہوئے فیسٹو انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ٹرینر مسٹر عثمان علی نے اس بات پر زور دیا کہ آٹومیشن کی دنیا میں بدلتے ہوئے رجحانات، ٹکنالوجی میں ڈاٹا کا تبادلہ، اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں نئے طریق ہائے کار سے انڈسٹری میں ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں آرہی ہیں۔

چنانچہ طلبہ کو از سر نو سوچنا ہوگا، نئے ابھرتے ہوئے مواقع کا فائدہ اٹھانا ہوگا، ساتھ ہی مسلسل بڑھتی ہوئی ٹکنالوجیکل تبدیلیوں کے اعتبار سے خود کو تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے لئے تعلیمی نظام ایسا ہونا چاہئے جو طلبہ کو ہنر مند بنائے تاکہ وہ چوتھے صنعتی انقلاب میں خود کو اہل ثابت کرسکیں۔

خطبہ استقبالیہ کے بعدپروفیسر ایم مزمل (چیئرمین، مکینیکل انجینئرنگ شعبہ) نے کہا کہ انڈسٹری 4.0 ڈرامائی طور پر ہمارے ایک دوسرے سے تعلق رکھنے کے طریقوں، طرز زندگی، بچوں کی تدریس اور اسمارٹ ٹکنالوجیز کے استعمال کے طور طریقوں کو تبدیل کردے گی جس میں مصنوعی ذہانت، بڑا ڈاٹا، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگس اور آٹومیشن وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ جدید ٹکنالوجی صنعت کو بے مثال رفتار سے بدل رہی ہے، اس لئے طلبہ کو اسمارٹ مشینوں سے وابستگی کے لئے تیار رہنا چاہئے جس کے لئے انھیں مختلف طریقہ سے تعلیم یافتہ بنانے کی ضرورت ہوگی۔

پروفیسر فیصل طالب اور عتیب احمد خان نے ویبنار کی نظامت کی جبکہ پروفیسر اختر حسین انصاری نے اظہار تشکر کیا۔ ڈاکٹر محمد معاذ نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔

پروگرام میں یونیورسٹی سینس (ملیشیا)، یو پی ایم ملیشیا، پرنس سلطان یونیورسٹی (ریاض، سعودی عرب)، یو ٹی پی ملیشیا، آئی آئی ٹی روڑکی، آئی آئی ٹی آئی ایس ایم دھنباد، جے سی بوس یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی، وائی ایم سی اے (ہریانہ)، انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ، گلوکل یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں کے اساتذہ و طلبہ نے حصہ لیا۔