اے ایم یو:آٹومیشن اور انڈسٹری کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-09-2021
آٹومیشن اور انڈسٹری کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد
آٹومیشن اور انڈسٹری کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد

 

 

آواز دی وائس، علی گڑھ 

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مکینیکل انجینئرنگ شعبہ (ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی) کی جانب سے ’آٹومیشن اور انڈسٹری‘ کے موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سافکون انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ، نوئیڈا کے مسٹر راجیش سنگھ (برانچ منیجر) اور آکاش گوڑ (سینئر منیجر) نے اپنی معلومات سے شرکاء کو مستفید کیا۔

راجیش سنگھ نے انجینئرنگ اور انڈسٹری کے تمام شعبوں میں آٹومیشن کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ہم مینوفیکچرنگ کے ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت مصنوعات کی پیداوار کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی کے دور میں ہیں۔

یہ تبدیلی اتنی بڑی ہے کہ اسے انڈسٹری 4.0 کہا جا رہا ہے جو مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں چوتھے انقلاب کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ”پہلے صنعتی انقلاب میں پانی اور بھاپ کی توانائی سے میکانیکی تبدیلیاں آئیں، پھر بجلی کے استعمال سے اسمبلی لائن پیداوار شروع ہوئی، تیسرا صنعتی انقلاب کمپیوٹر اور آٹومیشن کی بدولت آگے بڑھا، جب کہ ڈاٹا اور مشین لرننگ سے چوتھا صنعتی انقلاب وقوع پذیر ہورہا ہے“۔

سنگھ نے کہاکہ صنعتیں خودکار ہونے والی ہیں اور طلبہ کو اس کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ صنعتوں میں سافٹ ویئر کے بڑھتے ہوئے استعمال پر گفتگو کرتے ہوئے آکاش گوڑ نے کہا کہ پروگرامیبل لوجک کنٹرولر (پی ایل سی) اور سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈاٹا ایکویزیشن کنٹرول (ایس سی ڈی اے) آٹومیشن زیادہ سے زیادہ ہورہا ہے۔

نئی انڈسٹری 4.0 ٹیکنالوجیز نے گزشتہ دہائی میں وسیع ترقی کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ انٹرنیٹ آف تھنگس (آئی او ٹی)، ایڈیٹیو مینوفیکچرنگ، مشین لرننگ، اور آرٹیفیشیئل انٹلی جنس، صنعت کو نئی اونچائیوں پر لے جارہے ہیں۔ آکاش نے زور دیا کہ ان ٹکنالوجیوں میں تربیت یافتہ طلبہ کے لئے روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

پروفیسر ایم مزمل (چیئرمین، مکینیکل انجینئرنگ شعبہ) نے ویبینار کے شرکاء سے ریسورس پرسنز کا تعارف کرایا۔

پروفیسر پروین فاروقی اور محمد ناصر خان نے اظہار تشکر کیا۔ محمد ناصر خان نے مقررین اور شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔