اردو کونسل:سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی:

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-02-2022
اردو کونسل، سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی:پروفیسر شیخ عقیل احمد
اردو کونسل، سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی:پروفیسر شیخ عقیل احمد

 

 

نئی دہلی: بچوں میں سائنسی رجحان پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ قومی اردو کونسل بچوں کے لیے اہم سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی۔ یہ بات انہوں نے قومی اردو کونسل میں نیچرل سائنس پینل کی منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کا مقصد اردو زبان و ادب کے فروغ کے علاوہ دیگر اہم تاریخی،سماجی و سائنسی موضوعات پر بھی اردو زبان میں کتابیں شائع کرنا اور طلبہ و طالبات کو ضروری مواد فراہم کرنا بھی ہے۔

نیچرل سائنس پینل بھی اسی لیے تشکیل دی گئی ہے تاکہ خصوصاً سائنسی موضوعات پر ضروری اور اہم کتابیں شائع کی جائیں اور طلبا کی تعلیمی ضرورتیں پوری کی جائیں اوراب تک کونسل سے سائنسی موضوعات پر درجنوں کتابیں شائع کی جاچکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل اس سلسلے میں ماہرین کے مشوروں اور تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے اور طلبا و طالبات کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔

انھوں نے کہا کہ خصوصاً بچوں کو آسان اردو زبان میں کیسے سائنسی مواد فراہم کیا جائے اس سلسلے میں ہمیں ماہرین اور اساتذہ و مصنفین کے زیادہ سے زیادہ تعاون اور تجاویز کی ضرورت ہے۔

آج کی میٹنگ کے دوران گزشتہ میٹنگ کی تجاویز کو بہ اتفاق رائے منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نیچرل سائنس کے مختلف پہلوؤں پر کونسل کے زیر اہتمام جاری اشاعتی پروجیکٹس پرغوروخوض کیاگیا اور مختلف سائنسی کتابوں کی تیاری و اشاعت کو منظوری دی گئی۔

اس موقعے پرکورونا کے زمانے میں ویکسین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اردو دنیا کو اس کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرانے کے لیے ویکسین سے متعلق ضروری معلومات اور اس کے فوائد پر ایک کتاب کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔

ساتھ ہی ماحولیات کو درپیش مسائل اور آلودگی کی مختلف شکلوں کو پیش نظر رکھ کر بچوں کے لیے ایک اشاعتی منصوبے کو منظوری دی گئی تاکہ انھیں ماحولیات کے تعلق سے بیدار کیا جائے اور بتایا جائے کہ کیا کیا چیزیں ماحولیات کو آلودہ کرتی ہیں،جن سے احتراز کرنے کی ضرورت ہے۔

صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پروفیسر تسنیم فاطمہ نے کی اور ان کے ہی اختتامی کلمات میٹنگ کا اختتام ہوا۔ میٹنگ میں پروفیسر رئیس الدین، ڈاکٹر احمد علی،پروفیسر اسد خان،پروفیسر سہیل پرویز، ڈاکٹر عزیر عزیز، پروفیسر ایس ایم اے شبلی اور ڈاکٹر رضا رفیق الحق کے علاوہ کونسل سے ڈاکٹر کلیم اللہ(ریسرچ آفیسر)،ذیشان فاطمہ(ریسرچ اسسٹنٹ) وغیرہ نے شرکت کی۔ (ایجنسی)