متحدہ عرب امارات:رمضان میں افطار پارٹی پر پابندی ۔ تراویح محدود

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-03-2021
رمضان المبارک کےلئے خصوصی  ہدایات
رمضان المبارک کےلئے خصوصی ہدایات

 

 

 دبئی۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے ماہِ رمضان کےلئے ہدایت نامہ جاری ہوا ہے۔ جس کے تحت فیملی اجتماعات اور ایک دوسرے کے ساتھ کھانے کے تبادلے پر پابندی ہوگی۔ یو اے ای کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ عوامی صحت اور معاشرے کے تحفظ کےلئےرمضان کے دوران افطار پارٹیوں، تفریحات، کھانے کی تقسیم اور ایک دوسرے کے درمیان کھانے کے تبادلے پر پابندی ہوگی جب کہ صرف ایک گھر میں رہنے والے افراد ہی ایک دوسرے سے کھانے کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔

یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صرف مزدوروں کی مدد کے لئے کھانے کی تقسیم کی جاسکتی ہے اور رمضان میں جو لوگ مزدوروں کی مدد کے لئے کھانا تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں اس کے لئے کمپنی کی مینجمنٹ سے رابطہ کرنا ہوگا اور ریسٹورینٹس پیکٹوں میں کھانا تقسیم کریں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق کرائسز مینجمنٹ نے تراویح کے لئے بھی سخت ہدایات جاری کی ہیں اور عشاء و تراویح کی نماز کے لیے زیادہ سے زیادہ 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا جب کہ نماز کے فوری بعد مساجد بند کردی جائیں گی، اس کے علاوہ خواتین کے نمازوں کے مقامات سمیت دیگر نمازوں کے لیے مقررہ مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے۔