اعلیٰ تعلیم میں مسلم طلبہ کا تناسب بڑھانے کی ضرورت: پروفیسر محمد شاہد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2023
 اعلیٰ تعلیم میں مسلم طلبہ کا تناسب بڑھانے کی ضرورت: پروفیسر محمد شاہد
اعلیٰ تعلیم میں مسلم طلبہ کا تناسب بڑھانے کی ضرورت: پروفیسر محمد شاہد

 

حیدرآباد، 2 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی لٹریری کلب کی جانب سے ثقافتی سرگرمی مرکز میں ”اعلیٰ تعلیم میں مسلمان“ کے موضوع پر منعقدہ مدعو خطاب میں صدر شعبۂ سوشل ورک پروفیسر محمد شاہد نے اعداد و شمار کی روشنی میں لیکچر دیا۔ یکم جون کی شام میں منعقدہ اس نشست کی صدارت ڈین بہبودی طلبہ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی نے کی۔

پروفیسر محمد شاہد نے اپنے خطاب میں اعداد وشمار کے تجزیے اور حقیقت حال سے واقف کرانے کے لیے پروفیسر فرقان قمر کی بھرپور ستائش کی جنھوں نے حال ہی میں اس موضوع پر ایک اہم مضمون لکھا ہے۔ انہوں نے مضمون کے حوالے سے مسلمانوں کی اعلیٰ تعلیم میں ہوئی 8 فیصد تخفیف کا ذکر کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے اعلیٰ تعلیم میں مسلمان طلبہ کی تعداد کو بڑھانے کے لیے دانشوروں، سماجی کارکنان اور اساتذہ کو مشترکہ طور پر آگے آنے اور قابل عمل حکمتِ عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پروفیسر علیم اشرف نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اسلام میں تعلیم کے فروغ کا ذکر کیا گیا ہے۔ لیکن ہم نے اسے دینی اور دنیوی تعلیم کے خانوں میں بانٹ دیا جس سے مسلم طلبہ تعلیم کے میدان میں پیچھے ہوگئے۔ انہوں نے مثال کے طور پر جنگ بدر کے بعد کے واقعات کا ذکر کیا جس میں تعلیم یافتہ قیدیوں کو مسلمان بچوں کو تعلیم دیتے ہوئے آزاد ہونے کی پیشکش کی گئی تھی۔

اس موقع پر لٹریری کلب کے صدر ڈاکٹر فیروز عالم نے استقبالیہ خطاب میں کلب کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے واقف کرایا۔ یونیورسٹی کے کلچرل کوآرڈینیٹر جناب معراج احمد نے انتظامی ذمہ داریاں نبھائیں۔ میوزیم کیوریٹر جناب حبیب احمد نے تکنیکی تعاون پیش کیا۔ لٹریری کلب کے جوائنٹ سکریٹری اور پروگرام کے کنوینر طلحہ منان نے پروگرام کی نظامت کی اور جوائنٹ سکریٹری مظہر سبحانی نے مہمان مقرر کا تعارف کرایا اور اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقعے پر اساتذہ و طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔