فرانس میں تعلیمی مواقع پر اردو یونیورسٹی میں پروگرام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2023
فرانس میں تعلیمی مواقع پر اردو یونیورسٹی میں پروگرام
فرانس میں تعلیمی مواقع پر اردو یونیورسٹی میں پروگرام

 

 حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور کیمپس فرانس انڈیا (سی ایف آئی) کے اشتراک سے ”فرانس میں تعلیمی مواقع“ پر آج ایک لیکچر منعقد کیا گیا۔ سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم ، مانو کیمپس میں منعقدہ پروگرام کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کی۔ اس موقع پر کیمپس فرانس کی نمائندہ محترمہ مرین رائکھان، نے فرانس کے تعلیمی نظام، داخلے کے لیے درکار ضروریات، دستیاب کورسس کے متعلق قیمتی معلومات فراہم کیں تاکہ طلبہ فرانس کے کثیر تعلیمی مواقع سے استفادہ کرسکیں۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کہا کہ ملک نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو نافذ کر رہا ہے تاکہ ہندوستانی تعلیمی نظام کو نئی جہت دی جاسکے۔ آج کا پروگرام بھی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت طلبہ کی رہنمائی اور ان کے درخشاں مستقبل کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
ہمارے ملک میں جہاں زیادہ سے زیادہ طلبہ بیرون ملک میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں اس طرح کے پروگرام، وہاں دستیاب مواقع اور مستقبل کے لیے ان کی ذہن سازی میں معاون ہوتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، پروفیسر محمد فریاد، ڈین اسکول برائے ترسیل عامہ و صحافت، پروفیسر شکیل احمد، اسکول برائے سائنسی علوم بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ بڑی تعداد میں طلبہ نے پروگرام میں شرکت کی اور کیمپس فرانس کے نمائندوں سے سوالات کرتے ہوئے معلومات میں اضافہ کیا۔