این آئی آر ایف 2023 رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 06-06-2023
این آئی آر ایف 2023 رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی
این آئی آر ایف 2023 رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی

 

علی گڑھ، 5: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے وزارت تعلیم، حکومت ہند کی طرف سے آج جاری قومی ادارہ جاتی رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) 2023 میں یونیورسٹیوں کے زمرے میں دو مقام بلند ہوکر نویں رینک حاصل کی ہے۔ اے ایم یو نے گزشتہ سال 11واں رینک حاصل کیا تھا۔

                    پروفیسر ایم سالم بیگ، چیئرمین، کمیٹی برائے یونیورسٹی رینکنگ، اے ایم یو نے بتایا کہ ریسرچ کے زمرے میں اے ایم یو نے اس سال پانچ مقامات کی چھلانگ لگا کر 23 واں مقام حاصل کیا ہے، جب کہ گزشتہ سال این آئی آر ایف 2022 میں اے ایم یو 28 ویں رینک پر تھی۔

                    انجینئرنگ کے زمرے میں اے ایم یو نے پانچ مقامات کی ترقی حاصل کرتے ہوئے اس سال 32ویں رینک حاصل کی۔ گزشتہ برس 37 ویں رینک تھی۔

                    آرکیٹیکچر، ڈینٹل اور مینجمنٹ کے زمروں /شعبوں میں اے ایم یو نے بالترتیب 9 ویں، 31 ویں اور 55 ویں رینک، جبکہ لاء اور میڈیکل کے شعبوں میں بالترتیب 14 ویں اور 28 ویں رینک حاصل کی ہے۔

                    اے ایم یو کے اساتذہ اور طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ یونیورسٹی نے این آئی آر ایف-2023 میں اپنی مجموعی رینکنگ میں نمایاں بہتری کی ہے جو کہ عملے کی محنت، لگن اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

                    انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کی رینکنگ کمیٹی اور انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل (آئی کیو اے سی) نے رینکنگ کے لیے ڈاٹاجمع کرنے میں انتھک محنت کی ہے جو قابل تعریف ہے۔

                    یونیورسٹی انتظامیہ کے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروفیسر ایم سالم بیگ نے کہا ”اے ایم یو نے اس سال کافی سخت مقابلے کے باوجود اچھے نتائج حاصل کیے ہیں۔ اس سال 6405 اداروں نے این آئی آر ایف رینکنگ میں حصہ لیا جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 5603 تھی۔

                    انہوں نے وائس چانسلر، رجسٹرار، کنٹرولر، ایف او، ڈی ایس ڈبلیو، ڈین صاحبان، پرنسپل صاحبان، سربراہان شعبہ، او ایس ڈی (ڈیولپمنٹ)، نوڈل افسران اور دیگر افراد کے تعاون کو سراہا۔

                    پروفیسر بیگ نے رینکنگ کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد نوید خان کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا، جو این آئی آر ایف کے کوآرڈینیٹر اور کمیٹی برائے رینکنگ کے کنوینر بھی ہیں۔