علی گڑھ، 11 ستمبر: ”سائنس ہمیشہ سے تحریک اور اختراع کا وسیلہ رہی ہے اور طلباء کے لیے سائنس کی نمائشیں اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور روزمرہ کی زندگی میں درپیش چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے لیے بہت اہم ہیں“۔ یہ باتیں پروفیسر اسفر علی خان، ڈائریکٹر، ڈی او ایس ای، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ایس ٹی ایس اسکول کے زیر اہتمام ایک روزہ انٹر اسکول سائنس نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے انہوں نے تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سائنس کے عجائبات کو تلاش کرتے رہیں اور اپنے کارناموں سے ملک کا نام روشن کرنے کا عزم کریں۔
ہندوستان کی جی 20 صدارت کا جشن مناتے ہوئے منعقد کی جانے والی اس نمائش میں ’ماحولیات کو بچائیں‘، ’'توانائی کا تحفظ‘ اور نامیاتی کاشتکاری کو فروغ دینے کے موضوعات سے متعلق اختراعی خیالات اور منصوبوں کو نمایاں طور سے دکھایا گیا۔ اس دوران اے ایم یو کے مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے ورکنگ ماڈلز، نان ورکنگ ماڈلز اور چارٹس کی شکل میں اپنی اختراع اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پروفیسر عابد علی خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈی او ایس سی بطور مہمان اعزازی شریک ہوئے۔ جی 20 پروگراموں کی کوآرڈینیٹر مسز آمنہ ملک بھی موجود رہیں۔
پروفیسر انور شہزاد، شعبہ نباتیات، اے ایم یو، ڈاکٹر ریاض احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ زولوجی، اے ایم یو اورمسٹر محمد زید، شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ، اے ایم یو نے جونیئر اور سینئر زمروں میں سائنس نمائش میں جج کے فرائض انجام دئے۔
سائنس نمائش نے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اور توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
مسٹر فیصل نفیس، کوآرڈینیٹر، آرگنائزنگ کمیٹی نے مختلف اسکولوں میں منعقدہ پروگراموں کی رپورٹ پیش کی۔ نوشین فاطمہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
ڈاکٹر عالمگیر، پرنسپل اے ایم یو سٹی گرلز اسکول (قاضی پاڑہ)، مسز ثمینہ، پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز)، ڈاکٹر صبا حسن، وائس پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) اور مسز عمرہ ظہیر، سپرنٹنڈنٹ، عبداللہ اسکول بھی شریک ہوئے۔
مسٹر ذوالفقار علی، مسز نوشین فاطمہ، مسز صوفیہ خان، مسز علیمہ حسین، مسز حلیمہ بیگم، مسٹر محمدرحمان، جناب شاہنواز ضمیر اور جناب رضوان احمد نے ورکنگ ماڈلز، نان ورکنگ ماڈلز اور چارٹس کی تیاری میں طلباء کی رہنمائی کی۔
نمائش کے دوران انچارج سائنس نمائش جناب محمد طارق، ڈاکٹر تنویر حسین خان، ڈاکٹر نسیم احمد، ڈاکٹر الیاس میاں، جناب سید اکرام حیدر جعفری موجود تھے۔ مسز نسرین فاطمہ، کلچرل کوآرڈینیٹر، مسز ثمینہ یوسف خان، جناب مدثر علی رضوی، مسز ایس فاطمہ ہاشمی، مسز نازیہ سیار شمیم، مسٹر فرحان حبیب، جناب محمد عدنان خان، مسز روحی اسلم، جناب محمد عاصم، جناب محمد منصور خان اور جناب آصف احمد صدیقی نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت مسز غزالہ تنویر نے کی۔