نعمت شفیق: کولمبیا یونیورسٹی کی 268 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-01-2023
نعمت شفیق: کولمبیا یونیورسٹی کی 268 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب
نعمت شفیق: کولمبیا یونیورسٹی کی 268 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب

 

 

لندن : کولمبیا یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کی نئی صدر مصری نژاد خاتون نعمت شفیق ہوں گی، وہ رواں برس جولائی میں یونیورسٹی صدر کا عہدہ سنبھالیں گی۔

یونیورسٹی کی 268 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک خاتون کو صدارت کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ 60 سالہ نعمت شفیق 2017 سے اب تک لندن اسکول آف اکنامکس کی صدر تھیں۔

قبل ازیں انہوں نے بینک آف انگلینڈ کی ڈپٹی گورنر کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔ یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے خط میں کہا کہ ہمیں یونیورسٹی کیلئے بہترین امیدوار مل گیا ہے۔

خط کے مطابق ڈاکٹر نعمت شفیق بہترین اور قابل عالمی رہنما اور ممتاز ماہرِ معاشیات ہیں جو اکادمیات اور اس سے آگے کے معاملات کو سمجھتی ہیں۔ وہ مصر کے شہر اسکندریہ میں پیدا ہوئیں، ان کی فیملی 1960 کی دہائی میں امریکا منتقل ہوگئی تھی۔

ڈاکٹر نعمت شفیق نے فلوریڈا، شمالی کیرولائنا اور جارجیا کے اسکولز سے تعلیم حاصل کی اور میساچوسیٹس یونیورسٹی سے گریجویشن کی۔ انہوں نے 1986 میں لندن اسکول آف اکنامکس سے ماسٹرز کیا، 1989 میں آکسفورڈ یونیوسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی۔ ڈاکٹر نعمت شفیق نے عالمی بینک کی نائب صدر اور عالمی مالیاتی فنڈ کی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا ہے