سینٹر فار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ: کیا ہےمسلم یونیورسٹی کا مقام؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-06-2021
 مسلم یونیورسٹی کو آٹھواں مقام
مسلم یونیورسٹی کو آٹھواں مقام

 

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تعلیمی سسٹم کو ایک بار پھرتسلیم کیا گیا۔ملک کے ساتھ ساتھ دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں میں اس کا شمار ہونے لگاہے۔ سینٹر فار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ (سی ڈبلیو یو آر) نے اپنی تازہ رینکنگ میں اے ایم یو کو ملک کی یونیورسٹیز میں آٹھواں مقام اور دنیا کے دو ہزار اداروں میں 1139 واں مقام دیا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اے ایم یو کے تعلیمی و تحقیقی معیار کا قومی و بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ اعتراف کیا جاتا ہے۔

اس دوران سینٹر فار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگس (سی ڈبلیو یو آر) نے اپنی تازہ رینکنگ میں اے ایم یو کو ہندوستان کی یونیورسٹیز میں آٹھواں مقام دیا ہے جب کہ دنیا کے دو ہزار تعلیمی اداروں میں 1139 واں مقام دیا ہے۔

سی ڈبلیو یو آر کی رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو ملک میں آٹھواں اور دنیا میں 1139 واں مقام حاصل ہونے پر اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ممتاز ترین اداروں میں جگہ حاصل کرنا اے ایم یو برادری کے لئے باعث مسرت ہے۔''

پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا کہ یہ حصولیابی اساتذہ اور طلبا و طالبات کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے ملک و بیرون ملک میں اے ایم یو کا وقار بلند ہو رہا ہے۔ اے ایم یو رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر سالم بیگ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "سی ڈبلیو یو آر نے اے ایم یو کو یہ رینکنگ تعلیمی معیار کی بنیاد پر دی ہے جس کا پیمانہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کی بڑی علمی حصولیابیاں ہیں۔''

اس کے علاوہ دنیا کی بڑی کمپنیاں و اداروں میں سابق طلبا و طالبات کو حاصل ہونے والی ملازمتیں، اساتذہ کا معیار اور ریسرچ کارکردگی بھی رینکنگ کے پیمانے کے طور پر شامل ہے۔

واضح رہے کہ سی ڈبلیو یو آر ایک نامور کنسلٹنگ ادارہ ہے جو حکومتوں اور یونیورسٹیوں کو تعلیمی و تحقیقی محاذ پر ترقی کے سلسلے میں پالیسی سازی اور دیگر مشاورتی خدمات فراہم کرتی ہے۔ سی ڈبلیو یو آر کا صدر دفتر متحدہ عرب عمارات میں واقع ہے۔ (ایجنسی ان پٹ)