ممبئی : سول سروسیز کی تیاری کے لیے مسلم لڑکیوں کا رہائشی تربیتی مرکزتیار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
ممبئی : سول سروسیز کی تیاری کے لیے مسلم لڑکیوں کا رہائشی  تربیتی مرکزتیار
ممبئی : سول سروسیز کی تیاری کے لیے مسلم لڑکیوں کا رہائشی تربیتی مرکزتیار

 

 منصور الدین فریدی : آواز دی وائس

تعلیمی بیداری اب مہم سے تحریک بن چکی ہے،ملک کے کونے کونے میں مسلمانوں نے اس سلسلے میں بڑے قدم اٹھائے ہیں اور یہ سب کچھ کہیں انفرادی  اور کہیں تنظیمی طور پر ہورہا ہے۔ مسلمان بچوں کی اعلی تعلیم کی راہوں کو آسان اور ہموار کرنے کی  ایک نئی کوشش ممبئی میں ہوئی ہے۔ جہاں لڑکیوں کیلئے مقابلہ جاتی امتحانات(یوپی ایس سی ،ایم پی ایس سی اوراسٹاف سلیکشن کمیشن  )  کی تیاری کیلئے ایک  نئے تربیتی مرکز کی شروعات کی گئی ہے۔ جس کے سبب سول سروسز کی خواہشمند مسلم لڑکیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جنہیں تیاری کے لیے بنیادی ضروریات کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔  

اس تربیتی مرکز روح رواں اور محرک سابق رکن اسمبلی بشیر موسیٰ پٹیل  ہیں ،جنہیں  ممبئی میں ان کی سماجی خدمات کے لیے جانا جاتا ہے ،وہ متعدد سماجی اور فلاحی اداروں سے وابستہ ہیں جن میں صابو صدیق مسافر خانہ بھی شامل ہے۔ قابل ستائش بات یہ ہے کہ بشیر موسی پٹیل نے اس مرکز کے لیے جگہ فراہم کی ہے اور اپنی والدہ فاطمہ بائی موسیٰ پٹیل لرننگ سینٹر کے نام سے اسے منسوب کیا ہے جو  تین ہزار اسکوائر فٹ جگہ پر مشتمل ہے۔

مذکورہ سینٹر میں صرف طالبات کے لئے سول سروسیز امتحان (پریلم کم مینس) یوپی ایس سی  اور مہاراشٹر پبلک سروسیز مینس کی تیاری کرنے والی طالبات کو رہائشی اور ڈے اسکالر کوچنگ آن لائن سہولت دستیاب ہوگی۔

یہ تربیتی مرکز محمد علی روڈ پر میمن واڑہ میں واقع ہے۔ دیگر تنظیمیں بھی انفرادی طور سے مذکورہ اسٹڈی سینٹر میں تعاون کر رہی ہیں۔

آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے بشیر موسیٰ پٹیل نے کہا کہ ہم مسلمان لڑکیوں کی اعلی تعلیم کو ممکن بنانے کی کوشش کررہے ہیں،سول سروسیز ہمارا نشنانہ ہے ،اس لیے اس سینٹر کا مقصد لڑکیوں کو بنیادی سہولیات مہیا کرانا ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں یہ واحد اقلیتی ادارہ ہے جو خصوصی طور پر مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین سول سروسز کی خواہشمندوں کو پورا کرے گا۔

ایک اور موقع ۔ یہ ہے ابتدائی پالیسی

بشیر موسیٰ پٹیل نے کہا کہ ابتدائی طور پر  سینٹر میں زیادہ تر امیدوار وہ ہیں جو پہلے یو پی ایس سی  کے داخلے کے امتحانات میں شامل ہوئے تھے لیکن کامیاب نہیں ہوئے اور دوبارہ تیاری کرنا چاہتے تھے۔  دراصل حج ہاوس نے ایسے امیدواروں کو دوبارہ موقع دینے سے انکار کردیا تھا جو ایک  بار ناکام ہوچکے ہیں لیکن ہم نے ایسے امیدواروں کے لیے دروازے کھولے۔انہیں ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ۔

بشیر موسیٰ پٹیل نے آواز دی وائس کو بتایا کہ ان لڑکیوں کے لیے جو یو پی ایس سی  اور ایم پی اسی سی امتحانات کی تیاری کرنا چاہتی ہیں مخصوص جگہ کی ضرورت ایک طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی ہے۔کچھ ہم خیال لوگوں نے اس سہولت کو تیار کرنے کے لیے ہاتھ ملایا ہے

وہ کہتے ہیں کہ حج ہاؤس کے کوچنگ سینٹر میں سول سروسز کے خواہشمندوں کی رہنمائی کے تجربے کے ساتھ، مقصود احمد خان یہاں بھی سرپرستی کے لیے موزوں تھے۔

انہوں نے  سول سروسز میں مسلمانوں کی انتہائی کم نمائندگی کی وضاحت کی۔ ساتھ ہی کہا کہ سچر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سول سروسز میں مسلمانوں کی نمائندگی صرف 3 فیصد ہے۔ یہ مرکز لڑکیوں کو ان کے مقاصد تک پہنچنے کے لیے حوصلہ افزائی کرے گا۔ 

بشیر موسیٰ پٹیل کہا کہ اس سلسلے میں انہیں حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق سی ای او اور سابق رجسٹرار، ممبئی یونیورسٹی، ڈاکٹر مقصود احمد خان کا ساتھ ملا جس کے سبب یہ مشن کامیاب ہوسکا مقصود احمد خان صاحب کی بصیرت رہنمائی میں خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔ جو اب سینٹر کی اعزازی سرپرستی کریں گے۔

awazurdu

 جانیے ! تربیتی مرکز کے بارے میں

اگر بات کریں  سینٹر کی تو اس میں   70 طالبات کے بیٹھنے کی گنجائش والا ایک ریڈنگ روم ہے۔ دو کلاسیز ہیں جس میں پچاس پچاس طالبات کی بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اور دو کمرے لڑکیوں کی قیام گاہ کے لئے مختص ہے جس میں ۰طالبات  رہ سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں، لائبریری اور دیگر ضروری کچن و آفس کے لئے معقول سہولیات مہیا کروائی گئی ہیں۔

یہ 20 رہائشی طلباء اور مجموعی طور پر 40 طالبات کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریوں کے لیے پورا کرے گا۔

کتنی طالبات کو داخلہ ملے گا؟

انسٹی ٹیوٹ میں کل70؍ طالبات کیلئے داخلہ کی گنجائش ہے، جس میں کل20؍ طالبات (10 سینئر+10 فریشرز) امیدوار کا مکمل رہائشی انتظام کیا گیا ہے۔

ڈے اسکالر اسٹوڈنٹ کی تعداد50 امیدواروں پر مشتمل ہوگی جو روزانہ متعین کردہ وقت فجر بجے سے رات9؍ بجے عشاء تک موجود رہے گی 

یہ انسٹی ٹیوٹ ممبئی کے فلاحی ادارہ کی جانب سے بغیر کسی منافع پر چلایا جائے گا۔ منتخب رہائشی طالبات کو کھانے کے معاوضے کے طور پر ماہانہ 5؍ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔

ڈے اسکالر میں صرف ان طالبات کا انتخاب کیا جائے گا جو مقابلہ جاتی امتحان یوپی ایس سی /ایم پی ایس سی اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے کی خواہشمند ہو۔

اگر سیٹیں خالی رہتی ہیں تو این ای ای ٹی یا جے ای ای اور دیگر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

ڈے اسکالر طالبہ کے لیے فیس صرف100؍ روپے ماہانہ ہوگی۔

طالبہ کو صرف مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کرنی ہوگی

رہائشی امیدواروں کو ایک ساتھ کسی بھی کل وقتی ڈگری/ڈپلوما پروگرام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سی ایس ای مینس اور انٹرویو کی تیاری ایک ساتھ کروائی جائے گی جس کے لئے حج ہاؤس کے سابق سی ای او ڈاکٹر مقصود احمد خان کا وضع کردہ ماڈل کا طریقہ اپنایا جائے گا۔

کیا سہولیات دستیاب ہیں؟

آرام دہ ائیر کنڈیشن رہائشی سہولت مکمل اے سی کلاس روم، تیز رفتار انٹرنیٹ کے ساتھ ۔

چوبیس گھنٹہ لائبریری کی سہولت۔

معیاری و صحت بخش کھانا تین وقت فراہم کیا جائے گا (ریسڈینشیل طالبات کو)

سینئر امیدواروں کی طرف سے ذاتی رہنمائی

انسٹی ٹیوٹ کے احاطے کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی اور باہر سیکورٹی اہلکارموجود ہوں گے۔