اردو یونیورسٹی فراہم کرے گی اسکولی طلبہ کو تکنیکی تربیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-12-2021
اردو یونیورسٹی فراہم کرے گی اسکولی طلبہ کو تکنیکی تربیت
اردو یونیورسٹی فراہم کرے گی اسکولی طلبہ کو تکنیکی تربیت

 

 

آواز دی وائس، حیدرآباد

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق تکنیکی مہارتیں فراہم کرنے اور طلبہ کی ترسیلی مہارتوں کے تبادلے کے لیے وسٹا اسکول، گچی باولی کے ساتھ ایک یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر آج دستخط کیے ہیں۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مانو نے صدارتی خطاب میں کہا کہ تربیت کے بغیر تعلیم بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی نے دوسرے اداروں کے ساتھ مزید تبادلوں کا موقع فراہم کیا ہے۔

پروفیسر عین الحسن نے یادداشت مفاہمت کو صحیح معنوں میں نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر نے نشاندہی کی کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کئی پہلووں میں سابقہ پالیسیوں سے مختلف ہے۔

اس میں مادری زبان میں تعلیم کے ساتھ ساتھ مہارت کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے وسٹا اسکول سے خواہش کی کہ وہ اپنے اسکول میں اردو کو دوسری زبان کے طور پر متعارف کروائیں۔ ابتداءمیں پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج اور محترمہ شانتی پریہ، پرنسپل، وسٹا اسکول نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

پروفیسر صدیقی محمود نے اپنے خطاب میں ایم او یو کو این ای پی 2020 کا مشترکہ ثمر قرار دیا جس میں اسکول کی سطح سے ہی مہارتوں کی نشوونما پر زور دیا گیا ہے۔

سریش چھلہ، ڈائرکٹر، وسٹا اسکول اور شانتی پریہ نے بھی خطاب کیا اور اسکول کے طلبہ کو یہ موقع فراہم کرنے کے لیے اردو یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔ ایم او یو کے تحت تین سال کے لیے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر - انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، مانو؛ وسٹا اسکول کے 9 سے 12 جماعتوں کے طلبہ کے لیے تکنیکی مہارت کی کلاسز کا اہتمام کرے گا اور آن لائن اور آف لائن طریقوں سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

مانو کی جانب سے ایم او یو کی متحرک ڈاکٹر عرشیہ اعظم، ایسوسی ایٹ پروفیسر، مانو پالی ٹیکنیک اور پرنسپل انچارج، آئی ٹی آئی نے خیرمقدم کیا۔ جناب محمد عامر، انسٹرکٹر، آئی ٹی آئی نے شکریہ ادا کیا۔گیارہویں جماعت کے طلبہ جسٹن، روہیتا اور مہاتی نے بڑی ہی خوبصورتی سے کاروائی چلائی۔