انجمن ترقی اردو بہار کے نئے ویب سائٹ کا اجراء

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-02-2022
 انجمن ترقی اردو بہار کے نئے ویب سائٹ کا اجراء
انجمن ترقی اردو بہار کے نئے ویب سائٹ کا اجراء

 

 

آواز دی وائس، پٹنہ

وزیراقلیتی فلاح و بہبود حکومت بہار زماں خاں نے عبدالقیوم انصاری سکریٹری انجمن ترقی اردو بہار کی موجودگی میں انجمن ترقی اردو بہار کے نئے ویب سائٹ www.atub.in کا اجراء کیا۔

یہ اطلاع انجمن ترقی اردو بہار نے پریس ریلیز جاری کرکے دی ہے۔

ریلیز کے مطابق اس کے بعد وزیر موصوف نے کہا کہ انجمن ترقی اردو بہار کے ذریعہ جوویب سائٹ تیار کیاگیا ہے یہ بہت ہی جامعہ اور معلوماتی ہے۔

اس ویب سائٹ سے حکومت کے ذریعہ اردو کے فروغ کیلئے جو کار نامے انجام دیئے گئے اس کی تمام تر تفصیلات موجود ہیں۔ اس ویب سائٹ پر انجمن ترقی اردو بہار کی تمام حصولیابیوں کو درج کیاگیا ہے،تا کہ ریاست بہار کی عوام انجمن کی کارکردگیوں سے روسناش ہو سکیں۔

نئے ویب سائٹ میں موضوعات مثلاً انجمن ترقی اردو بہار کی تاریخ، انجمن کے ذریعہ شائع کئے جانے والے رسالہ ”روح اردو“ منعقد ہ پروگرام کی تصاویر، ضلعی سطح پر تشکیل شدہ کمیٹیوں کی تفصیلات، نیز بہار کے اسکولوں میں بحال شدہ اردو اساتذہ کی ضلع وار فہرست ساتھ ہی درجہ ایک سے 12 تک کی اردو کی کتابیں، اردو اسسٹنٹ کے امتحان میں کامیاب امیدواروں کے نتائج مع رول نمبر و دیگر اہم معلومات اس ویب سائٹ پر فراہم کرائی گئی ہے۔

تا کہ محبان اردو اس ویب سائٹ پر فراہم کرائی گئی معلومات سے مستفید ہوسکیں۔ سکریٹری انجمن ترقی اردو بہار عبدالقیوم انصاری نے بتایا کہ ریاست بہار کے ہر دلعزیز وزیراعلیٰ نتیش کمار اردو کے فلاح و بہبود کیلئے پابند عہد ہیں۔

ان کی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ بہار کے 75 ہزار پرائمری و مڈل اسکولوں میں اردو اساتذہ کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 45 ہزار اردو اساتذہ کی تقرری کی جا چکی ہے۔،جودرس و تدریس کا کام انجام دے رہے ہیں۔مزید اردو اساتذہ کی تقرری بھی ہونے والی ہے۔

ان کی کاؤنسلنگ مکمل ہوچکی ہے۔ جلد از جلد ان کی پوسٹنگ کی جائے گی۔ان کے دور اقتدار میں بھی مزید اردو ٹرانسلیٹر اور اسسٹنٹ ٹرانسلیٹر کی بحالی ہونے جارہی ہے۔ مقابلہ جاتی امتحانات مکمل ہو چکے ہیں مستقبل قریب میں ہی نتیجہ شائع ہونا ہے جو اردو کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیر اقلیتی فلاح حکومت بہار نے بھی سکریٹری انجمن ترقی اردو بہار کے ذریعہ اردو کے فروغ کیلئے کئے گئے کارکردگی کی ستائش کی ساتھ ہی معزز وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراقلیتی فلاح نے انجمن ترقی اردو بہار کی جانب سے اردو بیداری رتھ بھی جاری کیا ہے یہ رتھ پورے بہار میں جاکر عوام کو اردو کے عملی نفاذ کیلئے بیدار کرے گی۔