اے ایم یو:جےاین ایم سی کے ڈاکٹرزنے سرجری کرکے کٹی ہوئی کلائی جوڑ دی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-04-2022
اے ایم یو:جےاین ایم سی کے ڈاکٹرزنے سرجری کرکے کٹی ہوئی کلائی ٹھیک کی
اے ایم یو:جےاین ایم سی کے ڈاکٹرزنے سرجری کرکے کٹی ہوئی کلائی ٹھیک کی

 


 آواز دی وائس،علی گڑھ

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پلاسٹک سرجنوں کی ایک ٹیم نے علی گڑھ کے باشندے 25 سالہ نوجوان کی کٹی ہوئی کلائی کو دوبارہ جوڑ دیااور اس طرح کٹے ہوئے اعضاء کی پیوند کاری کے معاملہ میں جے این ایم سی ملک کے چنندہ صحت مراکز میں شامل ہوگیا۔

چندر شیکھر نامی اس مریض کو صحت یاب ہونے کے بعد جے این ایم سی سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

چندر شیکھر زیر زمین ڈرلنگ کر رہا تھا جب اچانک اس کا ہاتھ بورویل ڈرلنگ مشین کے نیچے آگیا اور اس کی کلائی کٹ گئی جو جِلد کے سہارے لٹکی ہوئی تھی۔ اس کے رشتہ دار فوراً ہی اسے جے این ایم سی لے کر آئے۔

پلاسٹک سرجری شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ارشد حفیظ خان نے بتایا کہ ٹراما سنٹر پہنچنے سے قبل مریض کا کافی خون بہہ چکا تھا۔ ہم اسے فوری طور پر ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں لے گئے۔سب سے پہلے اسے خون چڑھایا گیا اور خون کی سپلائی کی بحال کی گئی اور ٹوٹی ہوئی کلائی کی ہڈی اور نسوں کی مرمت کی گئی۔ یہ سرجری 6گھنٹے تک جاری رہی۔

ڈاکٹر شیخ سرفراز علی نے ڈاکٹر گوتم چودھری اور ڈاکٹر اندراجیت کے سدھی کے ساتھ اس سرجری کو انجام دیا۔

انھوں نے کہا: ”اس سرجری کا سب سے پیچیدہ پہلو کٹے ہوئے حصے کی طرف خون کی سپلائی کو واپس لانا تھا۔ ہم نے سرجری کرکے بڑی رگوں کو دوبارہ جوڑ ا“۔ انہوں نے مزید کہا: ہاتھ کے عمل کو بحال کرنے کے لئے ہڈی کے ڈھانچے، شریانوں اور رگوں کی ایک مخصوص ترتیب میں مرمت کی گئی۔

سرجری کے دوران مریض کو کئی یونٹ خون دینا پڑا۔ سینئر پلاسٹک اور ری کنسٹرکٹیو سرجن پروفیسر محمد یٰسین نے کہا ”ایسے معاملات میں کلائی کا مناسب تحفظ اور مریض کو جلد از جلد اسپتال لے جانا کامیاب پیوندکاری کے لئے بہت ضروری ہوتاہے“۔

مریضوں کی بعد از سرجری نگہداشت پر گفتگو کرتے ہوئے ہینڈ اینڈ مائیکرو ویسکولر سرجن پروفیسر عمران احمد نے کہا: ”متاثرہ حصے میں حس کے بحال ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے اور جوڑنے والے ٹشو کی چوٹوں کے ٹھیک ہونے میں فریکچر کے مقابلے زیادہ وقت لگتا ہے۔

ان سرجریوں کی کامیابی کا انحصار فالو اپ فزیو تھیریپی اور پوسٹ آپریٹیو ڈائنامک بازآبادکاری پروگرام پر ہوتا ہے“۔

مائیکرو ویسکولر سرجن ڈاکٹر محمد فہد خرم نے کہا ”اعضاء کی دوبارہ پیوند کاری ایک مشکل آپریشن ہوتاہے، لیکن مائیکرو سرجری کی ترقی کے ساتھ پوری طرح کٹے ہوئے اعضاء کی بازآبادکاری، خون کی سپلائی کو بحال کرکے اور جوڑنے والے ٹشو، رگوں اور ہڈیوں کی مرمت کرکے ممکن ہوگئی ہے۔

جے این ایم سی کے پلاسٹک سرجری شعبہ میں ہم پیچیدہ مائیکرو سرجری، زیادہ کامیابی کے ساتھ کر رہے ہیں“۔

ڈاکٹر شاہنا علی اور ان کی ٹیم نے مریض کو اینستھیسیا فراہم کیا۔