جامعہ ملیہ: نجمہ اختر کی پدم شری سے نوازے جانے پر قدر افزائی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2022
جامعہ ملیہ: نجمہ اختر کی پدم شری سے نوازے جانے پر قدر افزائی
جامعہ ملیہ: نجمہ اختر کی پدم شری سے نوازے جانے پر قدر افزائی

 


آواز دی وائس : جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تین اسٹاف ایسو سی ایشن یعنی جامعہ ٹیچرز ایسو سی ایشنز(جے ٹی اے)جامعہ ایڈمنسٹریٹو ایسو سی ایشن(جے اے ایس اے)اور ایس آر کے اسٹاف ایسو سی ایشن نے آج پروفیسر نجمہ اختر شیخ الجامعہ کو حکومت ہند کی جانب سے پدم شری نوازے جانے پر قدر افزائی کی۔جب سے انھیں چوتھا اہم شہری اعزا ز ملا ہے اسی وقت سے یونیورسٹی کیمپس میں خوشی کا ماحول ہے اور تہنیتی پروگرام منعقد کرکے اسٹاف ایسو سی ایشن اس کا جشن منارہا ہے۔

جامعہ ٹیچر ایسو سی ایشن (جے ٹی اے)نے شام کو ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈی ٹوریم میں منعقدہ شاندار پروگرام میں شیخ الجامعہ کی قدر افزائی کی۔پروفیسر ماجد جمیل صدر،ڈاکٹر عرفان قریشی،سکریٹری،پروفیسر نفیس احمد،نائب صدر،ڈاکٹر صادق اکرام،جوائنٹ سکریٹری اور جے ٹی اے دیگر ایکزیکیٹو اراکین نے اسٹیج پرباقاعدہ طورپر شیخ الجامعہ کا خیر مقدم کیا۔پروفیسر سید شاہد مہدی سابق شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروگرام کی صدارت فرمائی جس میں پروفیسر ناظم الجعفری،مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں دیگر فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق اساتذہ بشمول پدم شری یافتہ پروفیسر اخترالواسع،پی وی سی دہلی اسکل اینڈ انٹرپرنیورشپ یونیورسٹی پروفیسر ریحان خان سوری،سراج قریشی اور دیگر معزز ہستیوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

جے ٹی اے ایکزیکیٹیو اراکین،فیکلٹیز اور مراکز کے نمائندوں کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسرنجمہ اختر کی خدمت میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر جے ٹی اے سکریٹری ڈاکٹر عرفان قریشی نے کہاکہ پدم شری پروفیسر نجمہ اختر جامعہ کی تاریخ میں ان تین خواتین میں سے ایک ہیں جنھوں نے اس کے قیام سے لے کر اب تک اس کی ترقی و بہبود میں کلیدی رول ادا کیے ہیں۔دیگر دو خواتین بی اماں اور گردا فیلس بورن ہیں۔انھوں نے کہاکہ پروفیسر نجمہ اختر کی فعال قیادت میں یونیورسٹی نے ہر سطح پر اپنا مظاہرہ بہتر کیا ہے۔ناک کی جانب سے اے پلس پلس ملنا،این آئی آر ایف میں چھٹا مقام حاصل کرنا اور قومی وبین الاقوامی مختلف رینکنگس میں یونیورسٹی کا بہتر مظاہرہ شیخ الجامعہ کی چند اہم حصولیابیاں ہیں۔

شیخؒ الجامعہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’مجھے پدم شری اعزاز ملنے کے سلسلے میں قدر افزائی اور تہنیت کی شکل میں جو شاندار اعزاز اور بے پایاں محبت آپ کی جانب سے موصول ہوا ہے میں اس سے سرشارہوں۔میں خود کو آپ کے درمیان ایک رفیق کار کی حیثیت سے دیکھ کر خود پر فخر محسوس کرتی ہوں۔میں جے ٹی اے کے ہر رکن کی ممنون ہوں گرچہ میں یہ جانتی ہوں کہ میں یہ قرض ادا نہیں کرسکتی‘۔

جاسا اور ایس آرکے ایسو سی ایشن نے آج صبح ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈی ٹوریم میں مشترکہ طورپر تہنیتی پروگرام منعقد کیا۔پروگرام میں شریک غیر تدریسی عملے کی تالیوں کی گونج نے شیخ الجامعہ کا خیر مقدم کیا۔ جے اے ایس اے کے صدر جناب جہانگیر احمد اور جنرل سکریٹری جناب نسیم احمد اور ایس آر کے ایسو سی ایشن کے صدر جناب منصور احمد اور جناب جابر حسن نے ڈائس پر گلدستہ پیش کرتے ہوئے شیخ الجامعہ کا باقاعدہ استقبال کیا۔ اس موقع پرپروفیسر ناظم حسین الجعفری،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ بھی موجود تھے۔

اپنی تقریر کے دوران پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک اہم لمحہ ہے اور میں اس شاندار استقبال کے لیے آپ سب کاشکریہ ادا کرتی ہوں۔ ’مجھے ابھی بھی وہ دن یاد ہے جب میں یونیورسٹی جوائن کی تھی، کھلے دل سے میرا استقبال کیا گیا تھا جس سے مجھے یونیورسٹی کی بہتری کے لیے مزید جوش سے کام کرنے کی تحریک اور حوصلہ ملا۔انھوں نے مزید کہاکہ مجھے ہمیشہ سے یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملہ سے تعاون ملاہے جو یقیناً قابل قدر ہے۔“