جامعہ ملیہ اسلامیہ: پی ایم مودی پر کتاب کا اجرا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-08-2022
 جامعہ ملیہ اسلامیہ: پی ایم مودی پر کتاب کا اجرا
جامعہ ملیہ اسلامیہ: پی ایم مودی پر کتاب کا اجرا

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

وزیراعظم نریندر مودی پر لکھی گئی انگریزی کتاب Modi@20:Dreams Meet Delivery   پر آج ایک سمینار منعقد ہوا۔پروگرام میں مہمان خصوصی کی حی ثیت سے عزت مآب وزیر برائے اقلیتی امور جناب ارجن منڈانے شرکت کی اور جناب اندریش کمار مارگ درشک مسلم راشٹریہ منچ (ایم آر ایم) پروگرام کے خاص مقرر کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

 پروفیسر پنکج متل، سیکریٹری،ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز(اے آئی یو)پروفیسر سروج شرما،چیئر پرسن،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ(این آئی او ایس)ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد اور پروفیسر جی۔سی۔ پنت،شعبہ سنسکرت،جامعہ ملیہ اسلامیہ پروگرام کے دیگر نمایاں مقررین تھے۔

  پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پروگرام کی صدارت فرمائی اور مہمان خصوصی کے ساتھ دیگر مندوبین کا خیر مقدم کیا۔اس کے بعد انھوں نے مہمان خصوصی اور کلیدی خطبہ کے فاضل مقرر کا سامعین سے تعارف کرایا۔شیخ الجامعہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ’جامعہ خوش قسمت رہی ہے کہ ماضی میں اسے مہاتما گاندھی جیسی برگزیدہ ہستی نصیب ہوئی۔اور آج وہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نرنیدر مودی جی جیسے صاحب بصیرت اور فعال قائد کے فیاضانہ اور متواتر تعاون سے سرفراز ہے۔مودی جی کی انقلاب آفریں قیادت نے ہمیں ہماری تخلیقی مصروفیتوں میں پھر سے توانائی اور تقویت دینے کا کام کیا ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنی حصولیابیوں اور کامرانیوں کے ساتھ ملک کی تین سب سے اہم یونیورسٹیوں میں سے ایک ہونے کے اعزا ز کے لیے عزت مآب وزیر اعظم کی احسان مند ہے۔

   شری ارجن منڈا نے اپنی تقریر میں کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم شری نریندر مودی نے لوگوں میں چیزوں کو الگ زاویے سے دیکھنے کی خو پیدا کردی ہے۔ مسائل کی تفہیم کے سلسلے میں ان کا اندا ز فکر ونظر اوروں سے جدا اور علاحد ہ ہے۔وہ اپنی ٹیم کے اراکین کی بات انتہائی صبر سے سنتے ہیں،عمل آوری کے سلسلے میں واضح ہدایات دیتے ہیں اور ہر مسئلے کو قومی اور بین الاقوامی مفادات کے پس منظر میں توجہ دیتے ہیں۔

awazthevoice

پروگرام میں شریک اہم شخصیات

 جناب اندریش کمار نے اپنے خطبے میں بتایاکہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کس طرح اقلیتوں کو سماج کے اصل دھارے میں لانے کی سعی کررہے ہیں اور اسی لیے انھوں نے کئی اسکیمیں بھی شروع کی ہیں۔انھوں نے ہندوستان کی تکثیریت اوراتحاد کے متعلق بھی گفتگو کی۔انھوں نے ان نکات پر روشنی ڈالی کہ ملک کا ایک عام شہری اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے کیسے ملک کی تعمیر میں اپنا رو ل ادا کرسکتاہے۔

پروگرام کے دیگر ممتاز مقررین نے کتاب کے مختلف پہلوؤں پر شرح و بسط کے ساتھ گفتگو کی۔یہ کتاب عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی شخصیت،ان کے نصب العین اور ’سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کے تصور کی وضاحت کرتی ہے۔

  پروفیسر ناظم حسین الجعفری،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ شکریے کی رسم ادا کی۔ مذکورہ کتاب سے متعلق اس سمینار کا اختتام قومی ترانے پرہوا۔