جامعہ ملیہ : شماریاتی اور ریاضیاتی سائنسز میں آن لائن ریفریشر کورس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2021
جامعہ ملیہ : شماریاتی اور ریاضیاتی سائنسز میں آن لائن ریفریشر کورس
جامعہ ملیہ : شماریاتی اور ریاضیاتی سائنسز میں آن لائن ریفریشر کورس

 

 

 نئی دہلی : یوجی سی۔ایچ آرڈی سی سینٹر جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کالج اور یونیورسٹی کے اساتذہ کے لیے شماریاتی اور ریاضیاتی سائنسز میں مؤرخہ بائیس اکتوبر دوہزار کیس تا پانچ نومبر دوہزار اکیس دو ہفتے کا ریفریشر کورس منعقدکیا۔یہ ریفریشر کورس شعبہ کمپوٹر سائنس اور شعبہ ریاضی کے اشتراک سے منعقد ہوا تھا۔پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ریفریشر کورس کا افتتاح کیا تھا۔

ملک بھر کے مؤقر اور اہم اداروں کے معزز مقررین اورممتاز اسکالر وں نے تدریس و تحقیق کے میدان میں نئے تصورات،اختراعی تکنیکی حل اور تدریس میں نئے نئے چیلنجز سے کیسے مؤثر انداز میں نمٹا جائے شرکا کو اس کی تربیت دی۔شرکا کے لیے آن لا ئن جانچ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر منصاف عالم، شعبہ کمپوٹر سائنس جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ڈاکٹر ایم۔وائی عباسی شعبہ ریاضی جامعہ ملیہ اسلامیہ اس ریفریشر کورس کے کورس کوآرڈی نیٹر تھے۔

ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر سیمی فرحت بصیر،ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنی تقریر میں پروگرام کی اہمیت اور اس کے مرکزی خیال کو اجاگر کیا۔ انھوں نے موجودہ حالا ت میں ریاضی اور کمپوٹر سائنس کی اہمیت و وقعت کو بھی بتایا اور روزمرہ کی زندگی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کی اہمیت سے بھی واقف کرایا۔

 مہمان اعزازی پروفیسر پونیش کمار،ڈین اسکول آف مینجمنٹ سائنس مہاتما گاندھی مرکزی یونیورسٹی،موتیہاری نے کورس کی بین علومی کردار پر روشنی ڈالی۔

پروفیسر انیس الرحمان،ڈائریکٹر ایچ آرڈی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مہمان خصوصی،مہمان اعزازی پروفیسر ایوب خان،صدر شعبہ ریاضی اور پروفیسر ایس۔ایم۔کے قادری،صدر شعبہ کمپوٹر سائنس جنھوں نے الوداعی تقریب کی صدارت فرمائی تھی ان کا خیر مقدم کیا۔

ڈاکٹر ایم۔ یحیی عباسی ایسو سی ایٹ پروفیسر شعبہ ریاضی نے پروگرام کے اختتام پر سبھی شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

تعلقات عامہ دفتر جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی