علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس (جنرل) نے یونیورسٹی کے ویمنس کالج کے اشتراک سے طالبات کے لئے ’پرواز‘ کے عنوان سے ایک خصوصی جاب فیئرکا اہتمام کیا، جو خواتین کے تفویض اختیارات کے عزم کے ساتھ جی 20 کے اہداف کے عین مطابق ہے۔ 17 ستمبر کو منعقد ہونے والے اس جاب فیئر میں کیمبے ہیلتھ کیئر، دہلی پبلک اسکول، آئی آئی ایم ٹی اور دیگر سرکردہ اداروں نے شرکت کی۔
ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ گلریز نے پرواز کی کامیابی کا سہرا اسٹوڈنٹس کوآرڈینیٹرز اور رضاکاروں کے سر باندھا۔ انھوں نے کالج کی کامیابیوں کی شاندار تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے اے ایم یو کے عزم کو دوہرایا۔ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) مسٹر سعد حمید نے کہا کہ ’پرواز‘ کے لئے تقریباً 1,000 رجسٹریشن ہوئے تھے، جو خواتین کے پیشہ ورانہ طور پر آگے بڑھنے کے لیے جوش و جذبے اور ایسے پروگراموں کی ضرورت کی عکاسی کرتا ہے۔
ایسوسی ایٹ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر ڈاکٹر سہیلہ پروین اور ڈاکٹر مزمل مشتاق نے طالبات کے لئے اس پروگرام کی اہمیت بیان کی اور رضاکاروں اور شرکت کرنے والے اداروں کی اجتماعی کاوش کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سلمیٰ شاہین اور پروفیسر سلمیٰ احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔ کیمبے ہیلتھ کیئر کے نائب صدر اور ’پرواز‘ کے اسپانسر مسٹر فائنان خواجہ نے اے ایم یو کے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔