اے ایم یو : ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے نئے طلباء کی سفید کوٹ تقریب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2022
اے ایم یو : ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے نئے طلباء کی سفید کوٹ تقریب
اے ایم یو : ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے نئے طلباء کی سفید کوٹ تقریب

 


علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسز میں داخلہ لینے والے طلباء نے روایتی سفید کوٹ پہن کر میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم کے میدان میں داخلہ کا جشن منایا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی، اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اے ایم یو انتظامیہ اور یہاں کے اساتذہ آپ کے کتنے مشکور ہیں کہ آپ نے ایک ایسا راستہ چنا ہے جس پر چل کر آپ بہت سی زندگیوں کو چھونا چاہتے ہیں، بہت سے لوگوں کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں اور بہت سے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج کو حال ہی میں این آئی آر ایف کے ذریعہ ملک کے بہترین 15 میڈیکل کالجوں میں شامل کیا گیا ہے اور زیڈ اے ڈینٹل کالج کو بھی ٹاپ ڈینٹل کالجوں میں درجہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ آپ نے ملک کے اعلیٰ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں پری کلینیکل اسٹڈیز سے کلینیکل ہیلتھ سائنسز میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ان اداروں کا انتخاب کیا ہے۔

awaz

پروفیسر منصور نے کہا کہ طب اور دندان سازی کے پیشہ کا تعلق مریضوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ دیگر بہت سے کاموں سے ہے جو آپ بطور ہیلتھ ورکر کر سکتے ہیں۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ مریض اور اس کے خاندان کے ساتھ مریض کی حالت اور علاج کے بارے میں درست معلومات کا اشتراک کرتے ہوئے پوری طرح ایماندار رہیں۔ طلباء کو 'ہپوکریٹک اوتھ' دلاتے ہوئے، فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر راکیش بھارگو نے طلباء پر زور دیا کہ وہ بیماروں کا اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق علاج کریں، مریض کی رازداری برقرار رکھیں اور اگلی نسل کو طب کے راز سکھائیں۔

انہوں نے طلباء کو اپنے مقصد کے لیے سنجیدہ ہونے کی ترغیب دی۔ پروفیسر بھارگوا نے بھی خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ دو سال کی کووڈ وبا کے بعد ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے نئے طلباء آخرکار اپنی وائٹ کوٹ تقریب منا رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ جے این ایم سی اور زیڈ اے ڈی سی میں برسوں کا تجربہ آپ کو صحت کی دیکھ بھال کے چیلنجوں کا موثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرے گا۔

awaz

زیڈ اے ڈی سی کے پرنسپل پروفیسر راجندر کمار تیواری نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ کے بعد پہلے سال کے میڈیکل اور ڈینٹل کے طلباء کے طور پر آپ گزشتہ دو سالوں کی جدوجہد پر غور کرنے کے قابل ہوں گے اور صحت کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ہونے والی تبدیلیوں کے تجربات کو استعمال کر سکیں گے۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر سیما حکیم، کوآرڈینیٹر، میڈیکل ایجوکیشن شعبہ نے کی اور شکریہ پروفیسر سائرہ مہناز نے ادا کیا۔ڈاکٹر علی جعفر عابدی نے پروگرام کے انعقاد میں اہم رول ادا کیا۔ تقریب میں جے این ایم سی اور زیڈ اے ڈی سی کے مختلف شعبوں کے سربراہان، اساتذہ، ریزیڈنٹ ڈاکٹرز اور طلباء اور ان کے والدین نے شرکت کی۔