اے ایم یو: وائس چانسلر نےکیاایکس آر ایف لیب کا افتتاح

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-11-2022
 اے ایم یو: وائس چانسلر نےکیاایکس آر ایف لیب کا افتتاح
اے ایم یو: وائس چانسلر نےکیاایکس آر ایف لیب کا افتتاح

 

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے شعبہ ارضیات (جیولوجی) میں جیو سائنسز اور دیگر متنوع خدمات کے لئے وقف ایک جدید ترین ایکس آر ایف لیب کا افتتاح کیا۔

  وائس چانسلر نے کہا کہ یہ لیب میٹیریلس کے مادّی اجزاء، چٹانوں اور دھاتوں کا فوری تجزیہ کرنے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے شعبہ میں نئی نصب شدہ انجینئرنگ جیولوجی لیب کا معائنہ بھی کیا اور ملٹی ڈسپلنری ریسرچ اور بہتر کیریئر کے لیے طلباء کی رہنمائی کرنے پر اساتذہ کی تعریف کی۔

  پروفیسر کنور فراہیم خان (چیئرمین، شعبہ ارضیات) نے بتایا کہ نمونوں کے غیر مضر کیمیائی تجزیہ کے لیے اس لیبارٹری میں ایکس آر ایف آلہ، مٹی کے تجزیہ کے لئے ڈائریکٹ شیئر آلہ اورپانی کی صفائی کے نظام کی خرید،محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کے ایف آئی ایس ٹی پروگرام کے تحت شعبہ ارضیات کو ملنے والی1.18 کروڑ روپے کی گرانٹ سے کی گئی ہے۔

انہوں نے آلات کے لئے ضروری اشیاء کی خریداری کی خاطر یونیورسٹی فنڈ سے مطلوبہ گرانٹ کی منظوری پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔

 افتتاحی تقریب میں پروفیسر محمد اشرف (ڈین، فیکلٹی آف سائنس)، پروفیسر قاضی مظہر علی، پروفیسر سفیان بیگ (پرنسپل، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی)، پروفیسر عفیف اللہ خاں (او ایس ڈی، ڈیولپمنٹ)، پروفیسر سید نوشاد احمد (چیئرمین، شعبہ جغرافیہ) اور ڈاکٹر حارث حسن خان (چیئرمین، انٹر ڈسپلنری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلیکیشنز) بھی موجود تھے۔

  پروفیسر ایم ای اے مونڈل نے پروگرام کی نظامت کی اور پروفیسر راشد عمر نے شکریہ ادا کیا۔