دینی اور جدید عصری تعلیم کا حسین امتزاج ، جے پور کا جامعہ الہدایہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-04-2021
جے پور  کا جامعہ الہدایہ
جے پور کا جامعہ الہدایہ

 

 

جے پور

مدرسوں یا اسلامی علوم کے مراکز کو عام طور پر میڈیا فرسودہ اور دقیانوس افکار کو فروغ دینے کی آماجگاہ کے طور پر پیش کرتا ہے۔ آج کے دور میں ، میڈیا دنیا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کو بغیر کسی مضبوط ثبوت کے مدرسوں سے جوڑ دیتا ہے۔ جس کی وجہ سے شکوک و شبہات کا شکار بننے والے  مدرسوں کو اپنی ساکھ اور لوگوں کے مابین اعتماد برقرار رکھنے کے لئے اور اپنی سیکولر اقدار کا  یقین دلانے کے لئے آے دن خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے ۔

آج معاشرے میں یہ تا ثر عام ہے کہ مدرسے صرف دینی تعلیم ہی دیتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی کمپیوٹر ، الیکٹرانک لیبز ، کرکٹ ، باسکٹ بال اور والی بال اور انگریزی اور ہندی میں بحث کرنے والی سوسائٹیوں والے مدرسے کے بارے میں کبھی سوچا ہے ؟ اگر آپ کسی مدرسے میں ایسا جدید ماحول دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو جے پور کے جامعہ الہدایہ آنا ہوگا۔

جے پور کی جامعہ الہدایہ جے پور ریلوے اسٹیشن سے 10 کلومیٹر دور رام گڑھ کے قریب واقع ہے جو کسی جدید مدرسے کے زمرے میں آتا ہے۔ یہ روایتی مدرسہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کا بھی ایک بہترین مرکز ہے۔

ہائی ٹیک زندگی کے اس دور میں مدرسہ کیسا ہونا چاہئے اس کی شناخت جے پور کے اس مدرسے میں کی گئی ہے۔ ایک عرصے سے مسلم معاشرے کا یہ خواب رہا ہے کہ ان کے بچوں کے ایک ہاتھ میں قرآن ہو اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر۔ جے پور کی جامعہ الہدایہ اس خواب کو شرمندۂ تعبیر کر رہا ہے ۔ تقریبا 25 سال قبل حضرت مولانا عبد الرحیم مجاہدی نے جامعہ الہدایہ قائم کیا اور ہندوستانی مسلمانوں کے خواب کی عملی طور پر تعبیر کی ۔ حضرت مولانا عبد الرحیم مجاہدی کی محنت اور سوچ کا ہی نتیجہ یہ ہے کہ جامعہ الہدایہ آج کے دور میں دنیاوی اور دینی تعلیم کا اہم ترین مرکز بن کر ابھرا ہے ۔ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں مولانا کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ اس کی ایک بہترین مثال ہے کہ سائنس اور ٹکنالوجی کے عہد میں مدرسہ کیسا ہونا چاہئے۔ جدید الیکٹریکل اور مکینیکل ورکشاپس اور متعدد لیبارٹریوں سے آراستہ اس مدرسے میں ایک کمپیوٹر لیب بھی ہے جس میں طلباء کے لئے 50 کے قریب کمپیوٹر موجود ہیں۔

جامعہ الہدایہ ایک ایسا مدرسہ ہے جہاں دینی تعلیم کو جدید تعلیم اور تکنیکی علم کے ساتھ مکمل طور پر جدید نظام کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے تاکہ یہاں سے فارغ ہونے والے طلباء بھی دوسرے اداروں سے منسلک ہو سکیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ اس مدرسے سے آنے والے طلباء کو بینکوں ، سفارت خانوں سمیت متعدد سرکاری اداروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر ملازمتیں مل رہی ہیں ۔ جامعہ الہدایہ میں دینی تعلیم کے علاوہ دیگر کورسز جن میں کمپیوٹر ایپلی کیشنز ، مکینیکل انجینئرنگ ، آٹوموبائل انجینئرنگ ، الیکٹریکل انجینئرنگ ، اکاؤنٹنگ اینڈ بزنس مینجمنٹ ، مواصلات ، چمڑے / جوتے کی ٹیکنالوجی ، ایئر کنڈیشنگ اور آفسیٹ پرنٹنگ شامل ہیں، کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ اس کے ساتھ فارمیسی ، آپٹیکل اور صحافت میں مختلف ڈپلوما اور ڈگری کورسز کراے جاتے ہیں ۔

یہاں طلباء کے لئے منعقدہ ثقافتی پروگراموں کی بھی کمی نہیں ہے۔ انجمن الہدایہ طلباء کو مختلف زبانوں میں بات چیت کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ فن تحریر میں طاق بننے جے لئے بزمِ رحیمی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ انگریزی میں مہارت حاصل کرنے کے لئے جوہر انگلش کلب موجود ہے۔ کیمپس میں سبز اور چمکدار گھاس کے ساتھ ایک بہت بڑا لان بھی ہے ، جس میں طلبا کرکٹ ، فٹ بال ، باسکٹ بال اور والی بال جیسے ٹورنامنٹ کھیلتے ہیں۔ مدرسہ کیمپس میں ہی مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ، مدرسہ کا اپنا ڈاک خانہ ، اسپتال ، لائبریری اور معززین افراد کے لئے ایک ہاسٹل اور ایک بہت بڑا گیسٹ ہاؤس بھی ہے۔ جامعہ الہدایہ کی یہ ساری خصوصیات باقی مدارس سے الگ ہیں۔

جامعہ الہدایہ کا تازہ ترین ونگ علی گڑھ کا الہدایہ اسٹڈی سینٹر ہے ، جس کا مقصد طلباء کو ہندوستانی سول سروس ، اسٹیٹ سول سروس ، اسٹیٹ جوڈیشل سروسز اور دیگر مسابقاتی امتحانات کے لئے تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ مولانا عبد الرحیم ایجوکیشنل ٹرسٹ نے جے پور میں ایک مکمل انگلش میڈیم اسکول بھی شروع کیا ہے۔ یہاں الھدایه اسلامی ریسرچ سنٹر بھی ہے جو دین اسلام سے متعلق تمام سوالات کے جوابات فراہم کرتا ہے۔ مولانا عبد الرحیم چیریٹیبل ٹرسٹ کے تحت مدرسہ میں کورس مکمل کرنے پر مستحق اور ہونہار طلبہ کو وظائف دیئے جاتے ہیں۔ مدرسہ کے تمام کورس علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے متعلق ہیں۔ جہاں تک دینی نصاب کا تعلق ہے یہ دنیا میں اسلامی تعلیم کے تین مشہور مراکز ، یعنی دارالعلوم (دیوبند) ، ندوہ العلماء (لکھنؤ) ، اور مظاہر العلوم (سہارنپور) سے وابستہ ہے۔

مدرسے کی بنیادی خصوصیت عربی -ترکی طرز کی فن تعمیر ہے۔ اس کی عمارت اتنی وسیع اور متاثر کن ہے کہ لگتا ہے کہ یہ الازہر یونیورسٹی کی لابی کی طرح ہے۔ مدرسہ میں ایک مشہور پبلشنگ سینٹر ہے جو ہر ماہ اردو اور انگریزی زبانوں میں الہدایہ کی اشاعت کرتا ہے ، اس کے علاوہ ہدایت پبلشرز کے زیراہتمام مختلف عنوان کی کتابیں بھی شائع ہوتی ہیں۔

مدرسے کے اغراض و مقاصد

جامعہ الہدایہ کا مقصد اسلامی مدرسوں اور جدید اسکولوں کے نظام تعلیم کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ مدرسے سے پہلے سب سے بڑا چیلنج روایتی نظام تعلیم کو تبدیل کرنا تھا اور تفسیر ، حدیث اور اسلامی فقہ جیسے مضامین کو نظر انداز کئے بغیر ہی نصاب میں جدید موضوعات کو شامل کرنا تھا۔ اس حوالے سے جامعہ الہدایہ کے ذمہ داران نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا مقصد ایک ایسے عالم طبقے کو پیدا کرنا تھا جو عربی ، انگریزی اور اردو زبانوں میں سائنس اور ریاضی کے پیشگی معلومات کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت یافتہ ہو۔ تاکہ وہ اپنی زندگی کے چیلنجوں پر قابو پاسکیں اور خود کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرسکیں۔۔