امرناتھ یاترا اسپیشل : دو مسلم بھائی بنے سیوا دار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-07-2022
امرناتھ یاترا اسپیشل : دو مسلم بھائی بنے  سیوا دار
امرناتھ یاترا اسپیشل : دو مسلم بھائی بنے سیوا دار

 

 

لکھنؤ: امرناتھ یاترا میں ہرسال گنگا جمنی تہذیب کے نمونے دیکھنے کو مل جاتے ہیں ،یوں تو یاترا میں خدمت کے لیے مقامی کشمیری ہی مرکزی کردار نبھاتے ہیں لیکن اس بار  کانپور کے دو مسلمان بھائی بھی یاتریوں کی خدمت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ اس بار یاترا کے دوران ایک حادثہ بھی ہوا جب تیز بارش کے بعد  سیلابی ریلے نے تانڈو کیا ۔ بہر حال اس کے بعد جو کہانیاں سامنے آرہی ہیں ان میں ایک کانپور کے دو بھائیوں کی بھی پہے ۔ جو  بالتل بیس کیمپ میں امرناتھ یاتریوں کی خدمت میں مشغول  ہیں۔ جو مذہب اور عقیدے کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے بھائی چارے کے مظہر کے طور پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دے رہے ہیں دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ یاترا شروع ہونے سے بہت پہلے پہنچ گئے تھے۔

امرناتھ کی مقدس عبادت گاہ پر جانے والے یاتریوں کی خدمت کے ارادے سے کانپور میں لوڈر چلانے والے ارشاد اور شمشاد نے کانپور کی شیو سیوک سمیتی سے رابطہ کیا، جس کی سربراہی کانپور کینٹ کے بی جے پی ایم ایل اے رگھونندن بھدوریا ہیں اور رضاکارانہ طور پر عقیدت مندوں کی خدمت کے لیے بالتل کیمپ جانے کے خواہاں ہیں ۔

درحقیقت، شیو سیوک سمیتی، ایک ایسی تنظیم ہے جو ہر سال امرناتھ عقیدت مندوں کے لیے لنگر اور دیگر سہولیات کے لیے سامان لے جاتی ہے۔ سمیتی نے اپنا کیمپ بالتال میں لگایا اور لنگر میں عقیدت مندوں کی خدمت کررہی ہے۔ تاہم، سمیتی کے جنرل سکریٹری شیلو ورما کہتے ہیں کہ اس بار سمیتی کے وفد نے پانچ ای رکشے بھی لیے ہیں تاکہ بزرگ شہریوں کو غار کے قریب پہنچنے میں مدد ملے۔

بی جے پی ایم ایل اے بھی سمیتی کے کاموں کی نگرانی کے لیے پوری یاترا کے دوران کیمپ میں رہتے ہیں اور وہ فی الحال کیمپ میں ہی ہیں۔ ورما نے کہا کہ اس سال جب سمیتی کیمپ اور لنگر کے لیے بالتال میں سامان بھیج رہی تھی، ایک لوڈر ڈرائیور ارشاد نے ان سے رابطہ کیا اور بالتال جانے کی خواہش ظاہر کی۔ ارشاد اپنے بھائی شمشاد کے ساتھ کم از کم چارجز پر کانپور سے بالتل تک لوڈر پر سامان لے گیا۔

 

بالتال پہنچ کر ارشاد اور شمشاد نے جو کیمپ اور لنگر کے لیے سامان پہنچانے گئے تھے، یہ فیصلہ کیا کہ وہ شیو سیوا سمیتی کے دیگر اراکین کے ساتھ وہیں رکیں گے اور عقیدت مندوں کی خدمت کریں گے۔

 

ورما کے مطابق، پہلے دونوں بھگوان شیو کے درشن کرنے کے لیے مندر گئے اور پھر بیس کیمپ میں عقیدت مندوں کی خدمت شروع کی۔ اپنے لوڈر کو کیمپ میں کھڑا کر کے، دونوں بھائی برادی روڈ پر 2.5 کلومیٹر تک عقیدت مندوں کو لے جانے کے لیے ای-رکشا چلا رہے ہیں تاکہ گفا تک جانے والے راستے کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ سیوا سمیتی ذرائع کے مطابق شرائن بورڈ نے بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کو ’سیوادار‘ کا کارڈ جاری کیا ہے۔

 

برادی روڈ سے آگے جہاں وہ عقیدت مندوں کو چھوڑتے ہیں، وہ گیان گری آشرم کے ذریعے غار یا گفا کا راستہ عبور کرنے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ وہ بزرگ شہریوں اور جسمانی طور پر معذور افراد کو اپنی پیٹھ پر منزل تک لے جاتے ہیں۔ وہ روزانہ کم از کم 180-200 عقیدت مندوں کو گفا تک پہنچنے میں مدد کرتے ہیں۔

 

کانپور میں لوڈر چلا کر اپنی روزی روٹی کما نے والے ارشاد اور شمشاد کا تعلق شہر کے جوہی گدھا علاقے سے ہے۔ کم عمری میں اپنے والد کو کھو جانے کے بعد، دونوں بھائیوں کی مدد ماں مُنی کرتی ہیں جو جوہی میں سبزی بیچتی ہیں۔