"آسان مسنون نکاح مہم" کامیاب بھی ۔اثر دار بھی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-12-2021
"آسان مسنون نکاح مہم" کامیاب بھی ۔اثر دار بھی

 

 

آواز دی وائس، کانپور

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور دیگر تنظیموں کی مہم کے نتیجہ میں کانپور میں امسال 45 فیصدی نکاح مسجدوں میں منعقد ہوئے، رپورٹ کے مطابق اس تحریک کے نتیجے میں 6 سے 7 ہزار نکاح مسجدوں میں منعقد ہوئے ہیں اور جہیز کے لین دین میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

ایک رپورٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب سکریٹری و کل ہند کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی طرف سے پورے ملک میں "آسان مسنون نکاح مہم" جاری ہے اور اس کے اچھے اثرات و نتائج سامنے آرہے ہیں،خاص طریقہ پر مسلم اکثریتی صوبہ اترپردیش میں اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کے ذمہ داران و اراکین بالخصوص مولانا خالد رشید فرنگی محلی اور مولانا مہدی حسن عینی قاسمی اور دیگر رفقاء کی کاوش کے نتیجہ میں پورے صوبہ میں بیداری پیدا ہوئی ہے۔

حال ہی میں ضلع کانپور سے ملی اطلاعات کے مطابق اس مہم کا یہ خوشگوار اثر ظاہر ہوا ہے کہ کئی ہزار نکاح مسجدوں میں سادگی سے ہوئے اور جہیز کے لین دین کے سلسلے میں بھی ذہن و فکر میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے،اور ہندی روزنامہ ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق اس سال 45 فیصدی نکاح مسجدوں میں منعقد ہوئے،اور نکاح کے متعلق رسم و رواج میں بھی بہت کمی واقع ہوئی،یہ حوصلہ افزا کارگزاری ایسی ہے کہ جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کارکنان کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں.

وہیں اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کی جانب سے جاری بیان میں مولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے کہا کہ اس حوصلہ افزا رپورٹ پر ہم سب سے پہلے بارگاہ ایزدی میں سجدہ شکر ادا کرتے ہیں،اور اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کی جانب سے کانپور کے ائمہ و علماء،قاضی حضرات اور اصلاح معاشرہ کمیٹی کے ارکان و رضاکاران کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اور یہ عہد کرتے ہیں کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے جاری رہنما خطوط کی روشنی میں اکابرین بورڈ کی سرپرستی میں ہم "آسان مسنون نکاح مہم" کو صوبہ کے ہر ہر ضلع اور ہر ہر قریہ تک پہونچانے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کی حتی المقدور کوشش کریں گے۔