سعودی عرب: تاریخی مساجد کی بحالی کا منصوبہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
سعودی عرب: تاریخی مساجد کی بحالی کا منصوبہ
سعودی عرب: تاریخی مساجد کی بحالی کا منصوبہ

 

 

 اسلام آباد: سعودی عرب کی قدیم و تاریخی مساجد کی ترمیم وتزئین اور آرائش کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مشرقی ریجن کی قدیم مساجد کو تعمیرکیا جا رہا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت میں موجود قدیم و تاریخی مساجد کی بحالی اور انہیں اسی طرز پرازسرنو تعمیرکرنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ریاض ریجن کی متعدد مساجد کوان کی اصل شکل کے مطابق ازسرنو تعمیر کیا گیا ہے۔

منصوبے کے دوسرے مرحلے میں دومساجد شامل ہیں جن میں پہلی مسجد جواثا جبکہ دوسری مسجد ام زرینیق ہے۔ مسجد جواثا کا شمار تاریخ اسلام کی پہلی مسجد میں ہوتا ہے جو ہجری سال 7 میں بنی عبدالقیس نے تعمیر کرائی تھی۔ مسجد نبوی کے بعد یہ پہلی مسجد ہے جہاں نماز جمعہ ادا کی گئی تھی۔ مسجد جواثا 205.5 مربع میٹر پر محیط ہے جبکہ اس مسجد میں 170 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ دوسری مسجد مشرقی ریجن کی ہے جس کا نام ’مسجد ام زرینیق ‘ ہے یہ مسجد ھفوف شہر کے العویمریہ محلے میں واقع ہے۔ مسجد ام زرینیق سو برس سے زائد قدیم ہے اس کا رقبہ ترمیم کے بعد 213 مربع میٹرہو جائے گا۔

واضح رہے تاریخی وقدیم مساجد کی تعمیرنو کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے تحت مملکت کے مختلف ریجنز میں 130 قدیم تاریخی مساجد کو ان کی اصل شکل کے تحت از سرنو تعمیرکیا جائے گا۔ مساجد کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے میں 30 مساجد شامل ہیں۔ یہ مساجد سعودی عرب کے 13 علاقوں میں ہیں جن میں ریاض ریجن میں 6 ، مکہ مکرمہ ریجن میں 5 ، مدینہ منورہ میں 4 ، عسیر میں 3 جبکہ جازان ، مشرقی ریجن اورالجوف میں 2 دو مساجد جبکہ نجران ، قصیم ، الباحہ ، تبوک ، حائل اورحدودالشمالیہ میں ایک ایک مسجد کی تعمیر نو دوسرے مرحلے میں کی جا رہی ہے۔