راجستھان:جب کوئی نہیں آیاسامنے توفردوس غوری نے بچائی گوماتاکی جان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 01-01-2022
راجستھان:جب کوئی نہیں آیاسامنے توفردوس غوری نے بچائی گوماتاکی جان
راجستھان:جب کوئی نہیں آیاسامنے توفردوس غوری نے بچائی گوماتاکی جان

 

 

کوٹہ: راجستھان کے کوٹا شہر میں ہمت وحوصلے کی ایک اچھی مثال دیکھنے کو ملی ہے۔ دراصل جمعرات کو کوٹہ میں دو گائیں نہر کے دلدل میں پھنس گئیں۔

لیکن نہر میں مگرمچھ کے خوف سے کوئی آگے نہ آیا۔ آخر میں ایک مسلمان نوجوان فردوس غوری فرشتہ رحمت بن کر سامنے آیا اور گایوں کو باہر نکالا۔

فردوس اپنے دوستوں کی مدد سے دلدل میں اترا اور کافی محنت کے بعد دونوں گائیوں کو دلدل سے باہر نکالنے میں کامیاب ہوا۔

اس دوران آس پاس کے لوگوں نے ویڈیو بنائی۔ دراصل، یو آئی ٹی کی جانب سے شہر کے اسٹیشن چندرسیل علاقے میں نہر کی ترقی کے لیے کھدائی کا کام کیا جا رہا ہے۔

جہاں گائیں نہر کی دلدل میں پھنس گئیں۔ جب انھیں نکالنے کے لئے کوئی آگے نہیں آیا توفردوس نے ہمت دکھائی اور نکال باہر کیا۔ دیپک نام دیو، دھرمیندر بھیا، لوکیش شکلا اور ممتاز علی نے بھی اس کی مدد کی۔

موصولہ اطلاع کے مطابق جب لوگوں نے یو آئی ٹی آفس سے جاتے ہوئے گائے کو دلدل میں پھنسا ہوا دیکھا تو آہستہ آہستہ لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔

اس کے ساتھ ہی لوگوں میں گائے کو باہر نکالنے کا چرچا بھی ہوا، لیکن لوگوں کے ذہنوں میں یہ خوف تھا کہ کہیں دلدل میں مگرمچھ نہ ہو، اس لیے کسی کو ایک دم ہمت نہ ہو سکی۔

اسی دوران فردوس غوری نامی نوجوان نے ہمت دکھائی اور جے سی بی مشین کی مدد سے دلدل میں اتر گیااور گایوں کو بچانے میں کامیاب ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ راجستھان کے کوٹا شہر میں دریائے چمبل میں بڑی تعداد میں مگرمچھوں کی موجودگی کی وجہ سے یہاں کے لوگوں میں اکثر خوف رہتا ہے۔

بعض اوقات مگرمچھ یہاں شہر کی سڑکوں پر آجاتے ہیں۔ اسی دوران کچھ گھروں میں مگرمچھ کے گھسنے کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ اسی وجہ سے اس واقعہ کے دوران بھی مگرمچھوں کا خوف لوگوں پر طاری تھا۔