پروین شاکر: رادھا کرشن کی ایک پاکستانی عقیدت مند

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2022
پروین شاکر: رادھا کرشن کی ایک پاکستانی عقیدت مند
پروین شاکر: رادھا کرشن کی ایک پاکستانی عقیدت مند

 

 

ثاقب سلیم

تو ہے رادھا اپنے کرشن کی

تیرا کوئی بھی ہوتا نام

کیا آپ یقین کریں گے اگر میں آپ کو بتاؤں کہ اس اردو شعر کی شاعرہ پاکستان کی ایک مسلم خاتون ہیں؟ جی ہاں، یہ شعر پروین شاکر نے لکھا تھا، جو 20ویں صدی کے مقبول ترین اردو شاعروں میں سے ایک ہیں۔

اس دور میں جب ایسا لگتا ہے کہ منقسم سیاسی بیانیے نے برصغیر پاک و ہند کی جامع ہم آہنگی کی ثقافت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، عام لوگوں کے لیے یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ بھگوان کرشنا اردو زبان کے مسلمان ادیبوں کے لیے ہمیشہ ایک قابل احترام شخصیت رہے ہیں۔ سیاست دانوں نے زبانوں کو فرقہ وارانہ تشخص دینے کی کوشش کی ہو گی لیکن سچ یہ ہے کہ زبان اپنی جڑیں ثقافت میں رکھتی ہے نہ کہ مذہب میں۔ اردو جس نے ہندوستان میں پوری طرح ترقی کی ہے، اس کی جڑیں اس کی ثقافت میں ہیں۔ استعارے، تشبیہات اور الفاظ ہندوستانی ثقافت سے ماخوذ ہیں۔

جب بات محبت کے استعاروں اور تشبیہوں کی ہو تو ہندوستانی ثقافت میں رادھا اور کرشن سے بہتر جذبات کا اظہار کیا ہوتا ہے۔ ہر علاقے، مذہب، ذات اور زبان کے لوگ انتہائی سرشار محبت کی کہانی سے پہچان سکتے ہیں۔ پروین شاکر پاکستانی ہونے کے باوجود اردو زبان کی روایت سے تعلق رکھنے والی مصنفہ تھیں۔ اپنی کتاب ’صدبرگ‘ میں، انھوں نے ’سلمیٰ کرشن‘ کے عنوان سے ایک نظم لکھی جو اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ کرشن کا بھکت بننے کے لیے رادھا، کا ہندوہونا لازمی نہیں بلکہ  کوئی مسلمان، سلمیٰ بھی  یہ کہہ سکتی ہے، عقیدت بھی رکھ سکتی ہے۔ ایک بڑے تناظر میں، اس خیال کو نظم کے ذریعے پیش کیا جارہا ہے کہ مذہب رومانوی جذبات کی حدود نہیں مقرر کر سکتا۔

پروین لکھتی ہیں:

تو رادھا ہے اپنے کرشن کی

ترا کوئی بھی ہوتا نام

مرلی تیرے بھیتر باجتی

کسی بن کرتی بسرام

یا کوئی سنگاسن برجتی

تجھے کھوج ہی لیتے شیام

جس سنگ بھی پھیرے ڈالتی

سنجوگ میں تھے گھنشیام

کیا مول تو من کا مانگتی

بکنا تھا تجھے بےدام

بنسی کی مدھر تانوں سے

بسنا تھا یہ سنا دھام

گردھر آ کر بھی گئے اور

من مالا ہے وہی نام

جوگن کو پتا بھی کیا ہو؟

کب صبح ہوئی کب شام

یہ نظم میرا بائی، رس خاں اور دوسرے معروف عقیدت مند شاعروں کی روایت سے دور نظر نہیں آتی۔ پروین شاکر نے پاکستان سول سروسز میں بطور ریونیو اہلکار خدمات انجام دیں۔ پروین نے اپنے ادب میں کئی مقامات پر رادھا اور کرشن کی تصویر کشی کی ہے۔ اسی کتاب میں ایک اور عقیدتی نظم ہے’شیام! میں توری گیا چراؤں‘۔

 رادھا اور کرشن کا استعمال ، محبت کے جذبات کی عکاسی کے لیے  ہے۔

یہ نظم زیادہ عقیدتی نظم ہے۔ پروین لکھتی ہیں،

آئے سپنوں میں گوکل کے راجہ

دینے سکھیوں کو آئے بدھائی

کرشن گوپال راستہ ہی بھولے

رادھا پیاری تو سدھ بھول آئی

یہ نظم منظر کشی سے بھری ہوئی ہے جہاں رادھا کرشن کی بانسری کے عشق میں دیوانہ وارہوگئی ہے اور تمام ہوش و حواس کھو چکی ہے۔ یہ کتاب 1980 میں شائع ہوئی تھی، اور پروین کا انتقال 1994 میں ہوا تھا۔

آج مجھے حیرت ہے کہ ایک مقبول مسلمان شخصیت خود کولوگوں کے نشانہ پر لئے بغیر بھگوان کرشن کے تئیں اتنی عقیدت کا مظاہرہ کر سکتی ہے اور یہاں ایک پاکستانی اہلکار سرعام بھگوان کرشن کی تعریف کر رہی تھی۔